پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات آج ہوں گے

پی ٹی آئی pti

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انٹرا پارٹی انتخابات آج ہوں گے اور بیرسٹر گوہر نے پی ٹی آئی چیئرمین کے عہدے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے۔

الیکشن کمیشن کے حکم پر پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات آج ہوں گے جبکہ بانی اراکین نے موجودہ سیٹ اپ کی جانب سے کیے گئے انتظامات پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے آبزرورز کی تعیناتی کا مطالبہ بھی کر دیا۔

پی ٹی آئی کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے پارٹی کے سینٹرل سیکرٹریٹ کا دورہ کیا اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں یہاں انٹرا پارٹی انتخابات کے طریقہ کار، ووٹر لسٹ اور کاغذات نامزدگی کی معلومات لینے آیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ میرے یہاں آنے کا مقصد نیک نیتی پر مبنی تھا اور ہمارے ساتھیوں کی خواہش تھی کہ وہ انٹرا پارٹی انتخابات میں حصہ لیں اور اپنا کردار ادا کریں لیکن بہت افسوس کی بات ہے کہ ایک پارٹی جو ملک میں جمہوریت کے حصول کا دعویٰ کرتی ہے وہ اپنے کارکنان پر بھروسہ کرنے کے لیے تیار نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں0.23 فیصد کمی

اکبر ایس بابر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو چاہیے وہ مشاہدے کے لیے اپنے افسران کو تعینات کرے اور اس سارے عمل کی نگرانی کرے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن معلوم کرے کہ اس انٹرا پارٹی انتخابات میں کتنی حقیقت ہے اور کتنا افسانہ ہے؟ کیونکہ یہ تاریخ کے پہلے انتخابات ہیں جس میں ووٹرز موجود ہی نہیں ہیں۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ ووٹرز اور ووٹنگ کے بغیر کس طرح سے انتخابات ہوتے ہیں؟ پی ٹی آئی الیکشن کمیشن کی آنکھوں میں دھول جھونک رہی ہے۔


متعلقہ خبریں