منصفانہ الیکشن کا انعقاد نگراں حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، حسن عسکری


اسلام آباد: نگراں وزیراعلیٰ پنجاب پروفیسر حسن عسکری رضوی نے کہا ہے کہ عام انتخابات کے شفاف، منصفانہ، آزادانہ اور پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

نگراں وزیراعلیٰ کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا پہلا اجلاس ہوا، حسن عسکری نے نگراں صوبائی وزرا  اور اجلاس کے شرکا کا خیر مقدم کیا، اجلاس میں نگراں صوبائی وزرا، چیف سیکرٹری، انسپکٹرجنرل پولیس اورمتعلقہ حکام نے شرکت کی جبکہ چیف سیکرٹری نے حکومتی امور، سرکاری محکموں کے کام اور انتظامی ڈھانچے کے بارے میں بریفنگ دی اور کابینہ کو رولز آف بزنس سے  آگاہ کیا۔

اجلاس سے خطاب میں نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نگراں سیٹ اپ محدود مدت اورمحدود دائرہ کار کے لیے ہے، شفاف اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد نگراں حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، انہوں نے کہا کہ ہمیں شفاف انتخابات کی ذمہ داری محدود عرصے میں پوری کرنی ہے اور انتظامیہ کو غیرجانبدارانہ طریقے سے فرائض انجام  دینے ہیں۔

حسن عسکری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ہدایات کی روشنی میں تمام سہولتیں فراہم کریں گے، چاہتے ہیں کہ محدود مدت میں عوام کو ریلیف دیں اور عوامی فلاح  و بہبود کے کچھ  کام  کر جائیں، خواہشں ہے کہ نگراں حکومتوں کے لئے قابل تقلید مثال قائم کریں۔

انہوں نے کہا کہ وزرا، انتظامیہ اور پولیس کو غیرجانبدار اورغیرسیاسی ہونا چاہیئے، نگراں کابینہ میں شامل وزرا میری ٹیم ہیں اور ہم نے مل کر کام کرنا ہے، ہمارا کوئی سیاسی ایجنڈا تھا نہ ہے اور نہ  ہو گا۔


متعلقہ خبریں