واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ ایران یا اس کی پراکسیز نے امریکیوں پر حملہ کیا تو کوئی غلط فہمی میں نہ رہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران کے ساتھ تنازع اور اسرائیل غزہ جنگ کا پھیلاؤ نہیں چاہتے۔
انہوں نے کہا کہ ایران یا اس کی پراکسیز نے امریکیوں پر حملہ کیا تو کوئی غلط فہمی میں نہ رہے کیونکہ ہم اپنے لوگوں کا تحفظ کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی افواج پر حملوں میں ایران پر سہولت کاری کا الزام
انٹونی بلنکن نے کہا کہ ہم یہ پیغام ایرانی حکام تک دیگر ذرائع سے بھی پہنچاتے رہتے ہیں اور سلامتی کونسل کے سامنے بھی یہ کہہ رہا ہوں۔ ہم اپنی سلامتی کا فوری اور فیصلہ کن دفاع کریں گے۔
گزشتہ روز بھی امریکہ نے الزام عائد کیا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں امریکی افواج پر حملوں میں ایران سہولت فراہم کر رہا ہے۔
امریکی قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ایران حماس اور حزب اللہ کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے اور مشرق وسطیٰ میں امریکی افواج پر حملوں میں ایران سہولت فراہم کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ غزہ جنگ کے بعد عراق، شام اور دیگر مقامات پر امریکی افواج پر حملے ہوئے۔