فلسطین میں صورتحال بگڑی تو ایران خاموش تماشائی نہیں رہے گا، ایرانی وزیر خارجہ


تہران: ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا ہے کہ فلسطین میں صورتحال بگڑی تو ایران خاموش تماشائی نہیں رہے گا۔

ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل امریکہ کے سہارے پر کھڑا ہے اور ایک ہفتے کی جنگ نے بتا دیا کہ اسرائیل یہ جنگ نہیں جیت سکتا اور اگر ہم نے جنگ میں حصہ لیا تو اسرائیل کے ایوان لرز اٹھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی کئی صیہونی بستیاں القسام کی گرفت میں ہیں اور اسرائیل نے اپنا راستہ نہ بدلا تو مزاحمتی تحریکیں خطے کا نقشہ بدل دیں گی۔ غزہ جنگ کا دائرہ وسیع ہوا تو امریکہ کو بھاری نقصان اٹھانا پڑے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا غزہ کیلئے امدادی سامان بھجوانے کا فیصلہ

حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ اسرائیل کے لیے آنے والے گھنٹوں میں صورتحال بہتر کرنے کا ایک موقع ہے۔

اس سے قبل دوحا میں ایرانی وزیر خارجہ نے قطر کے امیر تمیم بن حمد الثانی سے بھی ملاقات کی ، ملاقات میں ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے غزہ پر زمینی حملہ کیا تو کوئی صورت حال قابو کرنے کی ضمانت نہیں دے سکے گا۔


متعلقہ خبریں