ژوب،سکیورٹی فورسز کا آپریشن، میجراور حوالدار شہید، 5 دہشت گرد مارے گئے

آئی ایس پی آر ispr سیکیورٹی فورسز

لوچستان کے ضلع ژوب میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ سے میجراور حوالدار شہید ہو گئے جبکہ 5 دہشت گرد مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

دہشت گردوں کا بہادری و جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے میجر سید علی رضا شاہ اور حوالدار نثار احمد وطن عزیز پر قربان ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کیخلاف جنگ میں شہادت کا رتبہ پانے والے 31 سالہ میجر علی رضا کا تعلق سرگودھا سے تھا، شہید میجر علی رضا دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی قیادت کر رہے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف بے جگری سے لڑتے ہوئے حوالدار نثار احمد نے بھی جام شہادت نوش کیا، 38 سالہ شہید حوالدار نثار احمد کا تعلق وہاڑی سے تھا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ مادر وطن کیلئے ان کی بہادری اور قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہیں،سکیورٹی فورسزدہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرعزم ہیں اورعلاقے میں دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔

پاکستان کی سکیورٹی فورسز ہمارے بہادر جوانوں کی مقروض ہیں، دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے سرچ آپریشن جاری ہے۔


متعلقہ خبریں