ایڈمرل نوید اشرف پاک بحریہ کے 23 ویں سربراہ بن گئے


ایڈمرل نوید اشرف نے پاک بحریہ کے 23 ویں سربراہ کی حیثیت سے کمان سنبھال لی۔

پاک بحریہ کی تبدیلی کمان کی تقریب پی این ایس ظفر اسلام آباد میں ہوئی۔ سبکدوش ہونے والے نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے بحریہ کی کمان ایڈمرل نوید اشرف کوسونپی۔ نیوی کے جوانوں نے پاک بحریہ کے نئے چیف کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

سبکدوش ہونے والے نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے شرکاء سے الوداعی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سیلاب میں ملک کی معیشت کو بہت نقصان پہنچا۔ جہاں بھی قدرتی آفات آئیں، پاک بحریہ تعاون میں پیش پیش رہی۔

ہم وطن کی حفاظت کے لیے تمام خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں، نیول چیف

انہوں نے مزید کہا کہ پاک نیوی کی کمانڈ کرنا میرے لیے بہت بڑا اعزاز تھا، پاک بحریہ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی حامل ہے، پاک بحریہ کا شمار دنیا کی بہترین افواج میں ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کا مستقبل میں زندگیوں پر بہت عمل دخل ہو گا، مستقبل کے چیلنجز سامنے رکھتے ہوئے صلاحیت بڑھانا ناگزیر ہے۔ پاکستان مشترکہ کوششوں اور تعاون پر یقین رکھتا ہے، بلیو اکانومی کسی بھی ملک کے لیے انتہائی اہم ہوتی ہے۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں