بورڈ یا سلیکشن کمیٹی کسی کھلاڑی کیلئے دروازے بند نہیں کرتی، انضمام الحق

انضمام الحق کو قبل از وقت عہدے سے ہٹانے پر پی سی بی کو بھاری رقم ادا کرنی پڑیگی

چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کی سلیکشن میں کپتان اور کوچز بیٹھتے ہیں، اس میں کمیٹی کا عمل دخل نہیں ہوتا، حسن علی زمان خان سے زیادہ تجربہ کار ہیں، وہ نئی گیند کے ساتھ بہترین باؤلنگ کروا سکتے ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف سلیکٹر کی جانب سے ون ڈے ورلڈکپ 2023 کیلئے قومی ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ ٹیم میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں کی گئی۔ کپتان کا مورال بلند ہے، امید ہے ٹیم ورلڈکپ میں بہتر پرفارمنس دے گی۔

انضمام الحق کا کہنا تھا کہ نسیم شاہ کی انجری کی وجہ سے حسن علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ حسن علی فنگر انجری کی وجہ سے ایشیا کپ میں شامل نہیں ہوئے۔ محمد حسنین کا بھی فٹنس ایشو ہے، احسان اللہ بھی انجری کا شکار ہے۔

آئی سی سی ورلڈکپ کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان، حسن علی کی سرپرائز انٹری

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کوچز اور کپتان بابر اعظم کو بلا کر پوچھا گیا کہ کسی چیز ضرورت ہے تو بتائیں۔ بہترین ٹیم سلیکٹ کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ ہمارے سپن باولرز اچھا پرفارم نہیں کر پا رہے،اس پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

ایشیا کپ کے فیصلہ کُن میچ میں بہترین پرفارمنس دکھانے والے زمان خان کو شامل نہ کیے جانے پر انہوں نے کہا کہ حسن علی زمان خان سے زیادہ تجربہ کار ہیں۔ زمان خان اچھے باؤلر ہیں، وہ ہمارے پلان کا حصہ ہیں۔

سابق کپتان سرفراز احمد اور اسپن باؤلر عماد وسیم کی شمولیت کے حوالے سے سوال کرنے پر ان کا کہنا تھا کہ عماد وسیم نے کافی عرصے سے ون ڈے کرکٹ نہیں کھیلی۔ سرفراز کے علاوہ شان مسعود کیلئے بھی دروازے کھلے ہیں۔

انضمام الحق نے کہا کہ پاکستان کی ڈومیسٹک پرفارمنس کو ضرور گنا جائے گا، سلیکشن کے وقت وہی دیکھی جائے گی۔ جو کھلاڑی فرسٹ کلاس میں پرفارمنس دے گا اور جب ٹیم کو ضرورت ہوگی، اسے شامل کیا جائے گا۔

محمد حفیظ کے مشورے مددگار ثابت ہوئے، مستقبل میں خدمات لیتے رہیں گے، ذکا اشرف

قومی کرکٹر اور فاسٹ باولر محمد عامر کو اسکواڈ میں شامل نہ کیے جانے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ عامر بہت اچھا کرکٹر رہا ہے لیکن وہ ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں۔ اگر وہ کھیلنا چاہتا ہے تو فرسٹ کلاس کھیلے، بورڈ یا سلیکشن کمیٹی کسی کھلاڑی کیلئے دروازے بند نہیں کرتا۔

پریس کانفرنس کے اختتام پر انضمام سے حسن علی سے متعلق سوال کیا گیا کہ ان کا نام کپتان یا سلیکشن کمیٹی میں سے کس کی طرف سے دیا گیا؟ جس پر چیف سلیکٹر نے کچھ دیر خاموش رہنے کے بعد کہا کہ قومی ٹیم کی سلیکشن میں کپتان اور کوچز بیٹھتے ہیں، اس میں کمیٹی کا عمل دخل نہیں ہوتا۔


متعلقہ خبریں