مہنگائی کیخلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی، سراج الحق


پشاور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ مہنگائی کے خلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے پشاور میں گورنر ہاؤس کے  سامنے دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی و معاشی دہشت گردوں نے بھیس بدل بدل کر حکومتیں کیں اور کرپٹ نظام نے سب سے زیادہ نوجوانوں کو ڈسا لیکن اب ملک لوٹنے والوں کا یوم حساب آنے والا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی صارفین اصل قیمت دینے کو تیار ہیں لیکن بلوں میں 48 فیصد ٹیکسز کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ بجلی، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاست دانوں کے 80کرپشن کیسز بحال ہوگئے

سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کی پرامن جدوجہد عوامی حقوق کے لیے جاری رہے گی اور اب لاہور گورنر ہاؤس کے باہر 3 دن دھرنا دیں گے۔ لاہور اور پنجاب کی عوام دھرنے میں شرکت یقینی بنائیں۔

انہوں نے حکمرانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پہیہ جام ہڑتال اور دھرنوں سے پہلے جاگ جاؤ اور پنجاب جاگے گا تو پاکستان جاگے گا۔ پنجاب دھرنے کے بعد سندھ اور بلوچستان بھی جاؤں گا۔


متعلقہ خبریں