پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 20 روپے اضافے کی تجویز

پٹرول

مہنگائی کی چکی میں پستی غریب عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہونے جا رہا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کا امکان ہے۔

نجی ٹی وی نے 16 ستمبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے، عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے نگران حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی ڈپو قیمتوں میں مزید اضافے کا اعلان کر سکتی ہے۔

اوگرا کو پمپس پر پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت

آئل سیکٹر کی جانب سے تخمینے کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں دس روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 9 روپے اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے،آئل سیکٹر کے مطابق مٹی کا تیل فی لیٹر 10 روپے اورلائٹ ڈیزل  فی لیٹر 8 روپے مہنگا ہو سکتا ہے۔

اس موقع پر وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم بھی دیا ہے کیونکہ ایسے موقع پر ذخیرہ اندوز فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں، اس سلسلے میں چیئرمین اوگرا کو خط لکھ دیا گیا ہے۔

دوسری جانب نجی ٹی وی ذرائع کے مطابق 16 ستمبر سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز دی گئی ہے، اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا ورکنگ پیپر تیار کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات میں 16 ستمبر سے 20 روپے تک اضافے کی تجویز دی گئی ہے، دستاویزات کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 20 روپے فی لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 14 روپے اضافہ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

عمر ایوب کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے کا خدشہ

لائٹ ڈیزل 9 روپے فی لیٹر، مٹی کا تیل 10 روپے فی لیٹر مہنگا کرنے کی تجویز دی گئی ہے اس کے علاوہ پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت میں 13 روپے 50 پیسے اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔

پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت228.59 فی لیٹر سے بڑھ کر242.10 روپے فی لیٹر ہونے کا امکان ہے،13 روپے فی لیٹر ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت میں اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔

اوگرا کی تجویز کے مطابق اگر قیمتوں میں اضافہ کیا جاتا ہے تو پھر پیٹرول کی نئی فی لیٹر قیمت 321.35 روپے ہو جائے گی، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 325.50 روپے فی لیٹر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ورکنگ پیپر اوگرا کل شام کو حکومت کے حوالے کرے گی، وزیراعظم کی منظوری کے بعد وزارت خزانہ نوٹیفیکیشن جاری کرے گی، قیمتیں بڑھانے یا نہ بڑھانے کا فیصلہ حکومت کرے گی۔


متعلقہ خبریں