امریکی جنگلات میں آگ، ہلاکتوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ


ہوائی: امریکی ریاست ہوائی کے جنگلات میں لگی آگ پر قابو نہ پایا جا سکا۔ آگ کے باعث جھلس کر ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 53 ہو گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ہوائی کے جنگلات میں لگنے والی آگ سمندری طوفان کے باعث چلنے والی ہواؤں سے مزید شدت اختیار کر گئی ہے۔ آگ لگنے کے باعث کئی گھر اور کاروبار مکمل طور پر تباہ ہو گئے جبکہ بندرگاہ پر موجود کشتیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

امریکی ریاست کے سینیٹر برائن شیٹز نے کہا کہ آگ کی وجہ سے ہونے والی زیادہ تر تباہی تاریخی قصبے لہینا میں ہوئی ہے اور یہ قصبہ تقریباً مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گیا ہے۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے ہوائی کے جنگلات پر لگی آگ پر قابو پانے کے لیے ہدایات جاری  کی ہوئی ہیں۔

آگ بجھانے کے لیے کوسٹ گارڈز کے علاوہ بحری افواج اور بلیک ہاک ہیلی کاپٹروں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق آگ کے باعث تقریباً 271 عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔

ریسکیو کے مطابق علاقے سے تقریباً تمام سیاحوں کو نکالا جا چکا ہے جبکہ مقامی افراد کو بھی محفوظ مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ آگ لگنے کے باعث ہونے والی اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔

محکمہ سیاحت کے مطابق مقامی لوگوں کے صرف گھر اس آگ کی زد میں نہیں آئے بلکہ ان کے پالتو جانور بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ ہوائی کنونشن سینٹر میں سیاحوں سمیت بے گھر ہونے والے 4 ہزار افراد کی رہائش کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں