ریلوے ٹیم نے ہزارہ ایکسپریس حادثے کی ابتدائی تحقیقات مکمل کر لی ہیں، تحقیقات کے بعد جوائنٹ سرٹیفکیٹ رپورٹ مرتب کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ہزارہ ایکسپریس حادثے کی جوائنٹ سرٹیفکیٹ رپورٹ لاہور ریلوے ہیڈکوارٹر کو موصول ہو گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہزارہ ایکسپریس حادثے کی وجہ شعبہ سول اور مکینکل کی نااہلی کو قرار دیا گیا ہے، ہزارہ ایکسپریس حادثے میں تخریب کاری کے کوئی شواہد نہیں ملے۔
نواب شاہ ، ہزارہ ایکسپریس کی 10 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، 30 افراد جاں بحق ، 50 زخمی
ذرائع کے مطابق جوائنٹ سرٹیفکیٹ میں حادثے کی وجہ پٹڑی کا ٹوٹنا اور فش پلیٹ نہ ہونا قرار دیا گیا ہے،حادثے کی وجوہات میں ٹرین انجن وہیل اور ٹریک میں خرابی کو بھی شامل کیا گیاہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ریلوے شعبہ سول اور مکینکل نے حادثے کی ذمہ داری لینے سے انکار کر دیا ہے،رپورٹ کے مطابق حادثے کا شکار ٹرین انجن کے وہیل ڈیمج پائے گئے ہیں،ٹریک کو آپس میں جوڑنے کے لیے فش پلیٹ موجود نہیں تھی۔