کراچی: رکن سندھ اسمبلی اسلم ابڑو کی گاڑی پر کی جانے والی فائرنگ کے نتیجے میں ان کے بھائی اکرم ابڑو اور بھتیجا جاں بحق ہو گئے ہیں جب کہ دو افراد زخمی ہوئے ہیں، فائرنگ ڈیفنس فیز 7 میں کی گئی۔
کراچی پورٹ، ٹرمینل بولی کے بغیر ابوظہبی پورٹس کے حوالے کرنے کی منظوری
افسوسناک سانحے کی اطلاع ملتے ہی علاقہ پولیس، مقامی انتظامیہ اور امدادی اداروں کے رضاکار فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچے جس کے بعد زخمیوں کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جب کہ پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں نے ثبوت و شواہد اکھٹے کر لیے ہیں۔
ایس ایس پی ساؤتھ سید اسد رضا کے مطابق ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ اکرم ابڑو چار افراد کے ساتھ خیابان شمشیر ڈی ایچ اے میں واقع اپنی رہائش گاہ سے گاڑی میں سوار ہو کر جیکب آباد کے لیے روانہ ہوئے تھے، جب وہ کورنگی کاز وے کے قریب پہنچے تو ان کی گاڑی پر نامعلوم حملہ آوروں نے گھات لگا کر فائرنگ کردی۔
کراچی، مفرور بندر کو پکڑنے میں افسران و اہلکاروں کی دوڑیں
انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد شدید زخمی ہو گئے تھے زخمیوں کو فوری پر طبی امداد کے لیے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن 65 سالہ اکرم ابڑو اور 40 سالہ شہریار ابڑو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔ زخمی ہونے والے 2 افراد میں 45 سالہ عبداللہ ابڑو اور 40 سالہ ارشاد پنہور شامل ہیں۔
ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، مزید تفتیش کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کو چیک کیا جا رہا ہے، کرائم سین یونٹ کی ٹیم کو جاۓ وقوع پر طلب کیا گیا، جائے وقوعہ سے متعلق شواہد جمع کیے جا رہے ہیں۔
کراچی، بہادر پولیس اہلکار نے فرار ہوتے ڈاکوؤں کا پیچھا کر کے گرفتار کر لیا
واضح رہے کہ اسلم ابڑو 2018 میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر سندھ اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے لیکن 2021 میں سینیٹ انتخابات کے دوران پارٹی کی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے پر انہیں پارٹی سے نکال دیا گیا تھا۔
پی پی پی چیئرمین و وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا رکنِ سندھ اسمبلی اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجے کے قتل کی مذمت
اکرم ابڑو اور شہریار ابڑو کا بہیمانہ قتل دہشتگردی ہے، قاتل جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے: بلاول بھٹو زرداری
اسلم ابڑو سمیت سوگوار خاندان کے دکھ میں برابر کا شریک…
— PPP (@MediaCellPPP) July 26, 2023
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اور وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے رکن سندھ اسمبلی اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجے کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اکرم ابڑو اور شہریار ابڑو کا بہیمانہ قتل دہشت گردی ہے، قاتل جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اسلم ابڑو سمیت سوگوار خاندان کے دکھ میں برابر کا شریک ہوں، اللہ تعالیٰ انہیں یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے، دعاگو ہوں، اللہ تعالیٰ اکرم ابڑو شہید اور شہریار ابڑو شہید کو بلند درجات عطا فرمائے۔
جیب کتروں سے ہوشیار رہیں ، کراچی ایئر پورٹ پر بینرز آویزاں کر دیئے گئے
پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے واقعے میں زخمی ہونے والوں کے لیے بھی جلد صحتیابی کی دعا کی۔