بنگلادیش میں گزشتہ روز مسافر بس کے افسوسناک حادثے کے نتیجے میں ایک درجن سے زائد افراد جاں بحق جبکہ 35 زخمی ہوگئے۔
بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق ضلع جھلکٹھی صدر کے علاقے چھترکنڈا میں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں مسافر بس ایک تالاب میں جا گری۔ مسافر بس بھنڈاریا سے باریشال کی طرف گامزن تھی۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ مسافر بس میں 52 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش تھی لیکن بس میں 60 افراد سوار تھے۔ مسافر بس کو حادثہ باریشال کھلنا ہائی وے کے قریب پیش آیا جہاں بس چھترکنڈا کے علاقے میں بنے تالاب میں جا گری ۔
یونان/ لیبیا کشتی حادثہ، انسانی اسمگلنگ میں ملوث گروہ کا اہم سرغنہ گرفتار
ذرائع کے مطابق حادثے کے نتیجے میں 17 افراد جان کی بازی ہار بیٹھے جن میں 3 بچے اور 8 خواتین بھی شامل ہیں۔ حادثے میں 35 افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
اس حوالے سے بس حادثے میں بچ جانے والے ایک مسافر کا کہنا ہے کہ وہ بھنڈاریا سے بس میں سوار ہوا تھا۔ بس مسافروں سے ضرورت سے زیادہ بھری ہوئی تھی۔
مسافر نے بتایا کہ میں نے دیکھا کہ ڈرائیور نے سپروائزر سے بات کرنے کیلئے توجہ دوسری طرف کی، اتنے میں بس سڑک سے اتر کر تالاب میں گرگئی۔
دوسری طرف انتظامیہ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور کو ٹھہرا رہی ہے جبکہ بس گرنے کی وجہ بس میں مسافروں کا گنجائش سے زیادہ سوار ہونا بھی بتایا جارہا ہے۔