55 وہیل مچھلیاں مردہ پائی گئیں


ایڈنبرگ: اسکاٹ لینڈ کے ساحل پر 55 پائلٹ وہیل مچھلیاں ساحل پر مردہ پائی گئیں۔ موت کی وجہ سامنے نہ آسکی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسکاٹ لینڈ میں لیوس کے جزیرے کے ساحل پر پائی گئی مردہ مچھلیوں میں سے 15 مچھلیاں زندہ تھیں جنہیں طبی امداد دے کر دوبارہ سمندر میں بھیجنے کی کوشش کی گئی تاہم ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

حکام کے مطابق خراب موسم اور کھردرے ساحل کی وجہ سے زندہ وہیل کو سمندر میں بھیجنے پر ناکامی ہوئی جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ ان کو تکلیف سے بچانے کے لیے فلاحی بنیادوں پر موت کے گھاٹ اتار دیا جائے۔

ماہرین کے مطابق گزشتہ 100 سال کے دوران یہ پہلا واقعہ ہے کہ وہیل مچھلیوں کی اتنی بڑی تعداد پانی سے باہر آکر موت کے منہ میں چلی گئی۔ اس سے قبل برطانیہ میں سب سے زیادہ تعداد میں 126 وہیل مچھلیوں کے مرنے کا واقعہ 1927 میں پیش آیا تھا۔

واضح رہے کہ پائلٹ وہیل مچھلیاں اپنے مضبوط سماجی رشتوں اور بندھن میں خاصی مشہور ہیں اور اگر کوئی ایک مچھلی کسی مشکل کا شکار ہوتی ہے تو باقی تمام بھی اس کے پیچھے آتی ہیں۔

امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کوئی ایک مادہ وہیل بچے کو جنم دینے کے باعث بیمار ہو کر ساحل پر آگئی جبکہ باقی تمام نے بھی اس کی پیروی کی تاہم سائنسدانوں کی ایک ٹیم اب مچھلیوں کا پوسٹ مارٹم کرکے ان کی موت کی وجوہات جاننے کی کوشش کرے گی۔


متعلقہ خبریں