ٹوئٹر کو رقم کے لین دین کی اجازت مل گئی


سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کو 3 امریکی ریاستوں میں رقم کے لین دین کی اجازت مل گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق میٹا کے تھریڈ پلیٹ فارم کے بعد ٹوئٹر نے اپنی ایپ کا دائرہ کار مزید بڑھا دیا اور فنڈز منتقلی کا لائسنس حاصل کر لیا۔

ٹوئٹر نے اپنی مقبولیت میں تیزی سے کمی کے باعث فنڈز منتقلی کا لائسنس حاصل کیا جبکہ ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک خود اپنی ایپ کو “ہرفن مولا” بنانے کی خواہش ظاہر کر چکے ہیں اور وہ کئی بار ٹوئٹر کو ایوری تھنگ ایپ کا نام بھی دے چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: فیس بک میں خاموش تبدیلی، چیٹ کیلئے میسنجر ایپ انسٹال کرنیکی ضرورت نہیں

دوسری جانب خود تھریڈز کی لانچنگ کے بعد اب تک 5 کروڑ سے زائد افراد اس سے وابستہ ہوچکے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ٹوئٹر کی تاریخی اہمیت گہنا رہی ہے۔ فورچیون میگزین کے مطابق مشی گن، میسوری اور نیو ہیمپشائر کے لیے ٹوئٹر کو رقم کی منتقلی کی اجازت مل گئی ہے۔

ایلون مسک کے قریبی ساتھیوں کا کہنا ہے کہ چین کی مشہور ’وی چیٹ‘ ایپ بہت سے کام کرتی ہے اور ایلون مسک ٹوئٹر کو اسی طرح کی ایپ میں بدلنا چاہتے ہیں۔


متعلقہ خبریں