گرفتار خواتین سے ناروا سلوک کا پروپیگنڈا گمراہ کن قرار


لاہور: نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے گرفتار خواتین سے ناروا سلوک کے پروپیگنڈے کو گمراہ کن قرار دے دیا۔

نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ 9 مئی کے شرپسند حملوں میں ملوث خواتین کے ساتھ کوئی بدسلوکی نہیں کی جا رہی بلکہ ایک نام نہاد سیاسی پارٹی اپنے مذموم مقاصد کے لیے گرفتار خواتین سے متعلق زہریلا پروپیگنڈا کر رہی ہے۔

انہوں ںے کہا کہ پنجاب کی جیلوں میں قید 9 مئی کے واقعات میں ملوث خواتین سے قانون کے مطابق سلوک کیا جا رہا ہے اور قیدی خواتین خود بھی اس چیز کی گواہی دے رہی ہیں۔ پولیس جیلوں میں قید خواتین کو قانون کے مطابق شائستگی سے ڈیل کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امتحان آیا تو امریکہ کے پاؤں پکڑ لیے، قیادت کا فرق دیکھنا ہے تو 28 مئی اور 9 مئی کو دیکھو، مریم نواز

عامر میر نے کہا کہ 9 مئی کی شرپسندی کی منصوبہ بندی کرنے والا شخص عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور جھوٹے پروپیگنڈے سے سستی ہمدردی حاصل کرنے کی کوشش ناکام ہو گئی ہے۔ عوام شرپسندوں کی سرپرستی کرنے والے کا اصل چہرہ دیکھ چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جھوٹ کی دکان چلانے والے بلوائی کو شرم کرنی چاہیے۔


متعلقہ خبریں