پہلی حج پرواز کب روانہ ہو گی ؟


اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پہلی حج پرواز سے متعلق اعلان کر دیا۔ پہلی حج پرواز 20 یا 21 مئی کو روانہ ہو گی۔

وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر طلحٰہ محمود نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ امسال ایک لاکھ 80 ہزار عازمین فریضہ حج ادا کریں گے اور جو پرائیویٹ حج آپریٹر وعدے پورے نہیں کرے گا اس کے خلاف کارروائی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ میں آئیڈیل حج تو نہیں کرا سکتا تاہم عازمین کی مشکلات میں کمی ضرور کروں گا۔ وزارت سنبھالی تو انتظامات بالکل نہیں تھے جس کی وجہ سے مجھے فوری سعودی عرب جانا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں: پرویز الہٰی کو اسحاق ڈار کا مشورہ

سینیٹر طلحٰہ محمود نے کہا کہ ہم 2019 کے حج کے ساتھ اس سال کے حج کا موازنہ کر رہے ہیں۔ ابھی تک انتظامات کے حوالے سے میں مطمئن نہیں ہوں اور ممکن ہے مجھے دوبارہ سعودی عرب جانا پڑے تاہم یقین ہے مسائل کو حل کرنے میں ہم کامیاب ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جو خدام الحجاج ڈیوٹی پر نہیں ہوں گے ان کا 3 دن کا ٹی اے ڈی اے کاٹا جائے گا اور دوسرے مرحلے میں ان کو ڈی پورٹ کراؤں گا۔ حاجیوں کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے گئے تو ذمہ داران کو بلیک لسٹ کراؤں گا۔

وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ ایئرلائنز کی تاخیر سے متعلق بھی شکایات ہیں جس کے لیے  ایئرلائنز والوں کے ساتھ بات کی ہے۔ کرپشن مکمل ختم نہیں ہوئی تاہم میڈیا کا خوف ہر بندے کے دل میں ہونا چاہیے اس سے بڑا فرق پڑتا ہے۔


متعلقہ خبریں