پولیس فائرنگ، آج میرے بیٹے عثمان کا نکاح تھا، غم سے نڈھال ماں کی گفتگو


ملتان کے علاقے شاہ رکن عالم کالونی میں پولیس ناکے پر نہ رکنے پر پولیس نے نوجوانوں پر فائرنگ کر دی۔

یہ واقعہ گزشتہ رات پیش آیا، پولیس نے ناکے پر رکنے کا اشارہ کیا لیکن نوجوان نہ رکے جس پر پولیس اہلکاروں نے مبینہ طور پر فائرنگ کر دی۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں دو نوجوان جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا، پولیس ذرائع کے مطابق نوجوان ہوٹل سے کھانا کھا کر گھر جا رہے تھے۔

نوجوانوں پر فائرنگ کرنے والے اہلکار موقع سے فرار ہو گئے تھے اور تاحال ان کا پتہ نہیں چل سکا ہے، ذرائع کاکہنا ہے کہ جاں بحق نوجوانوں کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ بھی نہیں تھا۔

جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کے نام عثمان اور سمیع اللہ ہیں جبکہ عرفان زخمی ہیں۔

عثمان نویں جماعت کا طالب علم تھا،عثمان کی والدہ نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ آج عثمان کا نکاح ہونا تھا، دوسرے جاں بحق ہونے والے نوجوان سمیع اللہ کی عمر 19 سال تھی۔

پولیس اہلکاروں کے خلاف مقتول سمیع اللہ کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں