ہمیں قرضہ لینے پر مالی مشکلات نے مجبور کیا، شہباز شریف


لاہور: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں قرضہ لینے پر مالی مشکلات نے مجبور کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خدمت کرنے والوں نے سیلاب زدگان کی جو مدد کی وہ قابل تحسین ہے اور ملک کی خدمت کرنے والوں نے مشکل کے باوجود انسانیت کی مدد کی۔ دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والوں کو یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عملی میدان میں ہر قسم کے چیلنجز آئیں گے تاہم نمٹنے کا ہنر ہونا چاہیے۔ ایسے افسران کو جانتا ہوں جنہوں نے لگن سے لوگوں کی خدمت کی اور پبلک سروس کمیشن میں بہترین خدمات والے افسروں کو ہم نے سر کا تاج بنایا جبکہ بلوچستان کے کچھ علاقوں میں سیلاب کی وجہ سے پانی اب بھی موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مقابلہ خون چوسنے والی سیاسی جماعتوں سے ہے، عمران خان

شہباز شریف نے کہا کہ عرب امارات نے دل کھول کر پاکستان کی مدد کی اور ہم نے عزم کیا تھا کہ ملک کے لیے قرضہ نہیں لیں گے مگر مالی مشکلات نے مجبور کیا۔ ہم عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی شرائط میں پھنسے ہوئے ہیں اور آئی ایم ایف کا ابھی بھی مطالبہ ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک پر اب بھی غربت کے سائے ہیں تاہم مشکلات سے ضرور نکلیں گے۔ ہم تقاریر، شاعری اور خطابات اچھے کرتے ہیں مگر عملی میدان میں مشکل سے نمٹنا اہم ہے۔ قائد کے پاکستان کو مضبوط بنائیں گے جس کے لیے سب کو محنت اور محرومی ختم کرنا ہو گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ 75 سال میں ملک کو دولخت ہوتے دیکھا اور آج ہمیں پہلے سے زیادہ متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ آرمی چیف کو سعودی عرب حکومت نے عزت دی اور بڑی امداد دی جبکہ سعودی عرب نے سرمایہ کاری کی مد میں بھی پاکستان کی مالی مدد کا اعلان کیا۔ ابھی بھی دیر نہیں ہوئی، کام کرنے اور منزل پانے کے لیے وقت کی قید نہیں۔


متعلقہ خبریں