عمران خان پر قاتلانہ حملہ، ملک بھر میں احتجاج، وکلا کی ہڑتال


سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کے باعث پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کی کال پر ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی کے مرکزی مقام فیض آباد میں تحریک انصاف کا احتجاج شروع ہوا تو مظاہرین نے پولیس پر پتھراو کر دیا۔

پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ کی گئی جب کہ 2 مظاہرین کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

کراچی میں عمران خان پر قاتلانہ حملے کیخلاف پی ٹی آئی کارکنان نے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے شارع فیصل کا دوسرا ٹریک بھی بند کرنے کی کوشش کی تاہم پولیس نے انہیں ہٹا دیا۔

ٹیپو سلطان سے میٹروپول جانے والی سڑک کا ایک حصہ تاحال بند ہے۔ دوسری جانب پنجاب بار کونسل کی کال پر آج پنجاب بھر کی وکلاء بارز میں ہڑتال رہی۔

پشاور میں  پی ٹی آئی کارکنوں نے اسلام آباد پشاور موٹروے کو بند کردیا جس سے دونوں اطراف پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی۔

آج وکلاء کو عدالتوں میں پیش نا ہونے کی ہدایت دی گئی تھی، وائس چیئرمین پنجاب بار نے کہاتھا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف پر ہونے والے قاتلانہ حملے کی مزمت کرتے ہیں، حملہ انصاف فراہم کرنے والے اداروں کی ناکامی ہے۔

مراسلے میں کہا گیا کہ ملتان,صوبہ بلوچستان,صوبہ خیبر پختونخوا کی طرح پنجاب میں بھی وکلاء ہڑتال کرینگے۔

دوسری جانب رہنما تحریک انصاف اسد عمر نے بھی آج ملک گیر احتجاج کی کال کا اعلان کیا، انہوں نے ٹوئٹ میں لکھا کہ آج نماز جمعہ کے بعد تمام ملک میں احتجاج ہو گا، جب تک عمران خان کا مطالبہ پورا نہیں ہوتا، ملک گیر احتجاج جاری رہے گا۔


گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر وزیر آباد میں لانگ مارچ کے دوران ہونے والے قاتلانہ حملے کے بعد اسلام آباد، پشاور اور راولپنڈی سمیت ملک بھر کے شہروں میں پی ٹی آئی کے کارکنان احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے اور سڑکیں بلاک کر دیں۔

کراچی پاور ہاؤس چورنگی سے فور کے چورنگی کی جانب مظاہرہ کیا گیا اور سروس روڈ بند کر دی گئی۔راولپنڈی میں بھی عمران خان پر حملے کے خلاف تحریک انصاف کے کارکنان فیض آباد پہنچ گئے۔ مظاہرین کی جانب سے حکومت مخالف نعرہ بازی کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: بوکھلاہٹ میں میرا اور وزیراعظم کا نام لے رہے ہیں، عمران خان سوچ میں تبدیلی لائیں، وزیر داخلہ

فیض آباد کے مقام پر مری روڈ بلاک کر دیا گیا جب کہ اسلام آباد پولیس اور ایف سی نے پوزیشنز سنبھالی، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے آبائی علاقے میانوالی میں وتہ خیل چوک پر کارکنوں کی طرف سے احتجاج اور روڈ بلاک کر دیا گیا۔

حافظ آباد میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملے کیخلاف فوارہ چوک میں کارکنوں نے احتجاج کیا ۔ پی ٹی آئی کارکنان نےحکومت کے خلاف شدید نعارے بازی کی جبکہ کارکنان نے فوراہ چوک کو بلاک کر دیا ٹریفک کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

کوٹلی آزاد کشمیر میں بھی پی ٹی آئی کارکنان کا عمران خان پر حملے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، اس کے علاوہ لاہور، ملتان، سیالکوٹ، حیدرآباد، فیصل آباد اور دیگر بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔


متعلقہ خبریں