وزیراعظم نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا


اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملکی سلامتی اور سرحدی سیکیورٹی صورت حال کا جائزہ لیا جائےگا اور اس کے علاوہ  مشرقی و مغربی سرحد اور خطے کی صورت حال پر بھی غور ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) اسد درانی کی کتاب ‘دی اسپائی کرونیکلز: را، آئی ایس آئی اینڈ الُوژنز آف پیس’ پرغورکیا جائے گا جبکہ فاٹا اصلاحات پرعمل درآمد سے متعلق امورکا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

حکومت نے آئی ایس آئی کے سابق سربراہ اسد درانی کا نام وزارت داخلہ کے انٹیگریٹیڈ بارڈرمنیجمنٹ سسٹم میں ڈال دیا ہے جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ اسد درانی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی توثیق کل ہونے والے اجلاس میں کرے گی۔ اس سے قبل انہیں جی ایچ کیو طلب کرکے کتاب پر وضاحت طلب کی گئی اور آرمی چیف جنرل  قمر جاوید باجوہ کے حکم پر ان سے تفتیش کے لئے کورٹ آف انکوائری قائم کردی گئی ہے جس کی سربراہی لیفٹیننٹ جنرل رینک کے افسرکریں گے۔

‘دی اسپائی کرونیکلز’ میں بہت سے متنازعہ موضوعات پر بات کی گئی ہے جن میں کارگل آپریشن، امریکیوں کے ہاتھوں اسامہ بن لادن کی ہلاکت،  کلبھوشن یادیو کی گرفتاری، ممبئی حملے، حافظ سعید، کشمیر، برہان وانی اور دیگر معاملات شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں