سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اب 126 دن کا دھرنا نہیں آر یا پار ہو گا، جس دن عمران خان نے کال دی لوگوں کا سمندر نکلے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے عمران خان مئی میں کال دیں گے، عمران خان ملک کا سپاہی ہے وہ ایسا کوئی کام نہیں کریگا جس سے فوج یاملک کو نقصان پہنچے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے تو سوچا بھی نہیں تھا کہ عمران خان اتنا مقبول ہوجائیگا، فوج کے ساتھ میرے تعلقات تھے ہیں اور ہمیشہ رہیں گے، میں نے کسی کو دھوکے میں نہیں رکھا سب کو بتا دیا ہے کہ میں عمران خان کے ساتھ ہوں۔
شیخ رشید نے کہا کہ باپ اور بیٹے پر فرد جرم کی تاریخ لگی ہوئی تھی، دونوں ضمانت پر وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بن چکے ہیں۔ یہ حکومت امپورٹڈ کے ساتھ سلیکٹڈ بھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مئی سیاست کے لیے اہم مہینہ ثابت ہوگا، ملک کی سیاسی صورتحال کو شدید خطرات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں تو پہلے سے ہی کہتا تھا کہ ن میں ش نکلے گی سب میرا مذاق بناتے تھے، بتائیں ن لیگ ملک میں کہاں نظر آرہی ہے؟
مسجد نبوی واقعے پر انہوں نے کہا کہ میں عاشق رسول ہوں، جو ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔ ان پانچوں لوگوں سے لوگ نفرت کرتے ہیں، یہ جہاں جائیں گے انہیں انڈے پڑینگے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں منحرف ارکان نااہل ہوجائیں گے تو پھر یہ کیا کریں گے،حمزہ شہباز آپ میرے بچوں کی طرح ہیں،آپ ٹریپ ہوگئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام کہتے ہیں عمران خان کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے، سازش اور مداخلت میں کیا فرق ہوتا ہے، مداخلت سازش سے زیادہ خطرناک ہے۔