سابق برطانوی رکن پارلیمنٹ اور براڈ کاسٹر جارج گیلوے نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف اپنے مقصد میں کامیاب ہوں گے اور عمران خان دوبارہ برسراقتدار آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے ایبسولوٹلی ناٹ کہنے پر عمران خان کی حکومت گرانے میں کردار ادا کیا۔
اپنے شو دی مدر آف آل ٹاک شوز ود جارج گیلوے میں جارج گیلوے نے پاکستانی حالات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔ جارج گیلوے نے اپنے شو کا آغاز پاکستان میں جاری تحریک انصاف کے جلسوں سے کیا۔
انہوں نے کہا کہ لاکھوں لوگ پاکستان میں احتجاج کر رہے ہیں۔ پشاور، کراچی، لاہور کے بعد اب اسلام آباد میں بیرونی مدد سے مسلط کی گئی امپورٹڈ حکومت کو گرانے کے لیے مارچ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ یہ حکومت عمران خان کی جائز حکومت کا تختہ الٹ کر قائم کی گئی۔ انہوں نے شہباز شریف کی کابینہ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ نئی وفاقی حکومت کی 34 رکنی کابینہ میں سے 24 وزرا کریمنل چارجز پر ضمانت پر ہیں۔
جارج گیلوے نے کہا کہ وہ کبھی عمران خان یا تحریک انصاف کے مداح نہیں رہے لیکن وہ پاکستان کے لیے عمران خان کا ساتھ دے رہے ہیں کیوںکہ پاکستان ان کے دل کے بہت نزدیک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے ساتھ ان کا تعلق 70 کی دہائی سے ہے۔ انہیں پاکستان میں 80 کی دہائی میں جمہویت کے لیے کام کرنے پر اعلی سول ایوارڈ ہلال قائد اعظم سے بھی نوازا گیا تھا۔
جارج گیلوے نے الزام عائد کیا کہ پاکستان میں جمہوریت ان لوگوں نے چوری کر لی ہے، جن کا چوری کا ٹریک ریکارڈ رہا ہے۔ اور میں اس پر چپ نہیں رہ سکتا۔ ان لوگوں نے بڑے پیمانے پر چوری اور کرپشن کی ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ امریکا نے مجرمانہ حکومت کو پاکستان میں انسٹال کر دیا ہے۔ اس کابینہ میں 34 میں سے 24 وزیر کرپشن اور منی لانڈرنگ کے مختلف چارجز میں ضمانت پر ہیں۔ دنیا میں ایسی کوئی کابینہ نہیں جہاں 70 فیصد کابینہ ضمانت پر ہو۔
جارج گیلوے نے مزید کہا کہ امریکا کی جانب سے حکومت کے بدلنے کے آپریشن میں عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی گئی اور ان کی پارٹی کے 20 ارکان اپوزیشن سے جا ملے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کی تبدیلی کے پیچھے وہی دو الفاظ کارفرما تھے، یعنی ایبسولوٹلی ناٹ۔ یہی دوالفاظ عمران خان کے سیاسی ڈیتھ وارنٹ ثابت ہوئے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں یقین ہے کہ عمران خان دوبارہ واپس آئے گا، کیونکہ نکالنے والوں نے عمران خان کو سمجھنے میں غلطی کی۔
جارج گیلوے نے کہا کہ وہ عمران خان کے اس مطالبے کی حمایت کرتے ہیں کہ پاکستان میں فوری انتخابات کرائے جائیں، یہی واحد راستہ ہے جو جوہری ہتھیار رکھنے والے 22 کروڑ کی عوام کے ملک کو بحرانوں سے نکال سکتا ہے۔