غلطی کرنیوالے ایم این ایز واپس آجائیں، معاف کردونگا، کارروائی نہیں ہو گی: وزیر اعظم


درگئی: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اراکین قومی اسمبلی اپنے ضمیر کا سودا کر رہے ہیں، جدھر اقتدار ہوتا ہے لوٹا ادھر چلا جاتا ہے، فضل الرحمان کو ڈیزل کا خطاب ن لیگ نے دیا تھا، ن لیگ نے آصف زرداری کو کرپشن کی وجہ سے جیل میں ڈالا تھا۔

ریکوڈک کا نیا معاہدہ ہونے پر وزیر اعظم کی قوم کو مبارکباد

وزیر اعظم عمران خان نے صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے درگئی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ درگئی کے باشعور نوجوان اس جماعت کے ساتھ چلیں گے جو پاکستان کے ساتھ ہے، نوجوان اس جماعت کے ساتھ چلیں گے جو چوروں کے خلاف کھڑی ہے، ہمارے سامنے دو راستے ہیں، ایک طرف نامور ڈاکو اکٹھے ہوگئے ہیں، دوسری طرف وہ لوگ ہیں جنھوں نے 25 سال ان ڈاکوؤں کے خلاف جدوجہد کی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ چوری کے پیسے سے لوگوں کو خریدنے کی کوشش کی جا رہی ہے، لوٹا ادھر چلا جاتا ہے جہاں اقتدار ہوتا ہے، جو ضمیر فروش ہوتا ہے پیسے لے کے ملک کا سودا کرتا ہے، قوم کے سامنے ضمیرکا سودا ہو رہا ہے، لوٹوں کو عدلیہ اورالیکشن کمیشن دونوں دیکھ رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ضمیر فروش جمہوریت اور دین کا سودا کرتا ہے، اب وقت آگیا ہے آپ فیصلہ کریں کہ آپ کدھر کھڑے ہیں؟ اللہ نے ہمیں اچھائی کے ساتھ کھڑے اور برائی کے خلاف کھڑے ہونے کا کہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے ایم این ایز کو چوری کے پیسے سے خریدنے کی کوشش کی گئی، ن لیگ والو! تم نے آصف زرداری کو دو بار جیل میں ڈالا، ن لیگ والوں تم نے اپنے دور میں آصف زرداری پر کرپشن کے کیس بنائے، شہباز شریف نے پیٹ پھاڑ کر زرداری کا پیسہ نکالنا تھا وہ چوری کا تھا ناں؟

انہوں نے کہا کہ یہ تینوں ملک سے وہ کرنے جارہے ہیں جو دشمن بھی نہیں کرتا، آپ جتنا کہیں ضمیر جاگ گیا، لوگوں نے نہیں ماننا، جو ایم این ایز غلطی کر بیٹے واپس آجائیں، معاف کردوں گا، کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔

تحریک عدم اعتماد، قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ کو طلب

عمران خان نے کہا کہ مجھ سے کہا گیا کہ ایم این ایز کو خرید کر واپس لے آئیں، میں نے کہا مجھے آخرت کی فکر ہے، منحرف ارکان سے کہہ رہا ہوں کہ اپنے بچوں کی خاطر یہ غلطی نہ کرنا۔

وزیراعظم نے الزام عائد کیا کہ یہ اس ملک کی اخلاقیات تباہ کرنے جارہے ہیں، جب قوم کی ا خلاقیات ختم ہوتی ہے تو قوم محنت کرنا چھوڑ دیتی ہے، پارٹی کا سربراہ باپ کی طرح ہوتا ہے میں آپ کی بھلائی کی بات کر رہا ہوں، آج کل سوشل میڈیا بہت مضبوط ہے، آپ کا شادیوں میں جانا مشکل ہوجائے گا، آپ کے بچوں سے لوگ شادیاں نہیں کریں گے، ہمارا کوئی بھی اہم این اے چوروں کو ووٹ دے گا اس کا مطلب آپ نے پیسے لیے، لوگوں کے خریدنے کے لیے یہ سندھ کی حکومت کا پیسہ استعمال کر رہے ہیں، جس نے ووٹ بیچا اس کے ساتھ ضمیر فروش لگ جائے گا، نہ میں کسی کے سامنے جھکا نہ قوم کو جھکنے دوں گا، عوام کا پیسہ دے کر حکومت بچانی ہے تواس سے بہتر ہے حکومت چلی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیسے دے کر، رشوت دیکر اپنی حکومت بچانے پر لعنت بھیجتا ہوں۔

ہم نیوز کے مطابق جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کسی سفیر کو حق نہیں پہنچتا کہ وہ دوسرے ملک کی خارجہ پالیسی پر بات کرے، یورپی یونین کے سفیروں نے پروٹوکول کے خلاف بات کی اور مطالبہ کیا کہ روس کے خلاف بیان دیں، میں نے ان سے صحیح پوچھا کہ کیا آپ نے بھارت سے یہی مطالبہ کیا؟ ان کی جان جاتی ہے بھارت سے ایسا کہتے ہوئے، ہم کوئی ان کے غلام ہیں کہ ہمیں کہا جائے کہ کسی کے خلاف بیان دیں! میں نے یورپ کو کہا تھا کہ امن میں آپ کے ساتھ ہوں جنگ میں نہیں۔

انہوں نے کہا کہ 1992 کا ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے آسٹریلیا جانے سے قبل میں کہتا تھا کہ ورلڈ کپ ہم جیتیں گے، اب میں کہنا چاہتا ہوں کہ یہ میچ بھی ہم جیتیں گے۔

عدالتی حکم پر سختی سے عمل کیا جائے، وزیراعظم عمران خان

ہم نیوز کے مطابق جلسہ عام سے خطاب میں وزیراعظم  عمران خان نے کہا کہ دنیا میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں اوپرگئیں، ہم نے دس روپے فی لیٹرکم کی، ہمارا پیٹرول آج دبئی سے سستا ہے، پانچ روپے فی یونٹ بجلی سستی کی، 10 روپے پیٹرول اور فضل الرحمان کو کم کیا، کسی حکومت نے وہ کام نہیں کئے جو ہم نے کیے۔


متعلقہ خبریں