نواز شریف سے آج نیب کی ٹیم تفتیش کرے گی


لاہور:  سابق وزیراعظم نوازشریف آج قومی احتساب بیورو (نیب) کے سامنے پیش ہوں گے۔ نیب کی تین رکنی تحقیقاتی ٹیم نوازشریف سے جاتی امرا روڈ کی غیر قانوںی تعمیر سے متعلق تفتیش کرے گی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن)  کے قائد نوازشریف پرالزام ہے کہ انہوں نے بطور وزیراعظم 1998 میں اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے جاتی امرا تک جانے والی سڑک کی چوڑائی دو فٹ زیادہ کروائی۔

نیب نے الزام عائد کیا ہے کہ سابق وزیراعظم نے بھائی کے ساتھ مل کر ذاتی فائدے کے لئے سڑک بنائی، اس وجہ سے بہت سے عوامی منصوبے بند کرنا پڑے اورعوام کا نقصان ہوا۔

17 اپریل 2000ء میں شروع کی جانے والی تفتیش کے مطابق 12 کروڑ 56 لاکھ روپے سے زائد رقم کی کرپشن کی گئی۔ سابق وزیراعظم اور موجودہ وزیراعلیٰ پنجاب پر الزام ہے کہ ایک اسکول اورایک ڈسپنسری کا بجٹ استعمال کرکے اپنی رہائش گاہ کیلئے سڑک تعمیر کروائی۔

قومی احتساب بیورو کی تحقیقاتی ٹیم آج نوازشریف اور ضلع کونسل کے افسران کے بیان قلمبند کرے گی۔ 21 اپریل کو نیب نے نواز شریف کو طلب کیا تھا لیکن انہیں بیگم کلثوم نواز کی بیماری کی وجہ سے لندن جانا پڑا تھا جس کی وجہ سے وہ نیب کے سامنے پیش نہیں ہو سکے تھے۔


متعلقہ خبریں