پاکستان کا ہر شہری عاشق رسولﷺ ہے، وزیر اعظم

حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے صنعتی شعبہ ترقی کررہا ہے، وزیر اعظم

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا ہر شہری عاشق رسولﷺ ہے۔ 

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت رحمت للعالمین اتھارٹی کا جائزہ اجلاس ہوا۔ جس میں وفاقی وزیر نورالحق قادری، شفقت محمود، اعجاز اکرم، خالد مسعود و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر اعظم کو اتھارٹی کے قیام پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔

وزیر اعظم کو دی گئی بریفنگ میں کہا گیا کہ اتھارٹی کے لیے جامع میڈیا پلان آئندہ ہفتے پیش کر دیا جائے گا اور اسلامو فوبیا کا سدباب کرنے کے لیے سفارتخانوں کو آن بورڈ لیا جائے گا جبکہ بچوں اور نوجوانوں کی سیرت طیبہ کی روشنی میں کردار سازی پر توجہ دی جائے گی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ نصاب میں سیرت طیبہ کی روشنی میں اخلاقیات کی تدریس شامل کی جائے گی جبکہ اسلام اور سائنس میں ہم آہنگی اجاگر کرنے کے لیے تحقیق اور اقدامات بھی اتھارٹی کے مقاصد میں شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حلفیہ الزام ثاقب نثار کے خلاف آیا، رونا وزیر اطلاعات کو پڑ گیا: پرویز رشید

اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ریاست مدینہ اصول پسندی اور اخلاقیات کا عملی نمونہ تھی جبکہ میثاق مدینہ انسانی حقوق کا محافظ تھا۔ اسلامی معاشرہ اپنے دور کا سب سے جدت پسند معاشرہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ صوفیائے کرام نے سیرت کی روشنی میں مقامی لوگوں کو ان کی زبان میں دین کی تعلیمات دیں اور مذہبی تہواروں کو کردار سازی کا ذریعہ بنانے پر زور دیا جائے گا۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ جامعات میں تحقیق اور غورو فکر سے سیرت کے اہم پہلوؤں کو اجاگر کیا جائے گا۔ پاکستان کا ہر شہری عاشقِ رسولﷺ ہے اور عشقِ رسول کا سب سے بڑا ثبوت نبی ﷺ کی سیرت پر عمل کرنا ہے۔


متعلقہ خبریں