ٹی ٹوئنٹی رینکنگ،بابراعظم پہلی پوزیشن کے قریب، محمد رضوان چوتھے نمبر پر


آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی  فارمیٹ کی نئی رینکنگ جاری کردی ہے۔بابر اعظم پہلی پوزیشن کے قریب پہنچ گئے،محمد رضوان چوتھی پوزیشن  پرآگئے، بالرز  رینکنگ میں شاہین شاہ اور حارث روف کی ترقی ہوگئی۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم  بلے بازوں میں دوسرے نمبر پر براجمان ہیں۔ بابراعظم پہلی پوزیشن سے صرف گیارہ پوائنٹس دور ہیں۔

بابر اعظم نے 820 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن مستحکم کی ہے۔انگلش بلے باز ڈیوڈ میلان بدستور پہلے نمبر پر ہیں۔ ان کے رنکنگ پوائنٹس 831 ہیں۔

قومی کرکٹر محمد رضوان چوتھی پوزیشن پر آگئے،قومی وکٹ کیپر بیٹسمین نے 3 درجہ ترقی کے بعد چوتھی پوزیشن حاصل کی ہے۔

جنوبی افریقہ کے ایڈن مارکرم  8 درجہ ترقی کے بعد تیسری پوزیشن حاصل کر نے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ جبکہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی ایک درجہ تنزلی کے ساتھ پانچویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔

بالرز میں شاہین آفریدی 11 درجہ ترقی کے بعد 12 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ شاہین آفریدی کی بھارت کیخلاف شاندار سپیل کی بدولت ریٹنگ پوائنٹس 596 ہوگئے ہیں۔

قومی فاسٹ بالر حارث روف پہلی دفعہ ٹاپ ٹوئنٹی بالرز میں شامل ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں،نیوزی لینڈ کیخلاف مین آف دی میچ پرفارمنس کے باعث حارث روف نے 17 ویں پوزیشن پر قبضہ جمالیا ہے۔

جنوبی افریقہ کے تبریز شمسی پہلے، سری لنکا کے وانندو ڈی سلوا کی دوسری پوزیشن پر موجود ہیں،افغانستان کے راشد خان کی تیسری پوزیشن ہے۔

آل راونڈرز میں بنگلہ دیش کے ثاقب الحسن کی پہلی پوزیشن بر قرار ہے۔افغانستان کے محمد نبی دوسرے اور نمیبیا کے جے سمیتھ تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔

 


متعلقہ خبریں