نسلہ ٹاور: بجلی ،گیس اور پانی کی کنکشن منقطع


کراچی میں نسلہ ٹاور گرانے کے متعلق سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا۔ انتظامیہ نے  یوٹیلٹی کنکشن کاٹ دیئے ہیں۔

سوئی سدرن گیس کمپنی(ایس ایس جی سی) کی ٹیم نے نسلہ ٹاور کی گیس لائن منقطع کردی۔ واٹر بورڈ کی ٹیم کی جانب سے عمارت  کی پانی کی لائن بھی بند کردی گئی ہے اور کے الیکٹرک نے بجلی کے کنکشنز بھی کاٹ دیئے ہیں۔

کنکشنز کاٹنے والی ٹیموں کو رہائشیوں کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ نسلہ ٹاورمیں مقیم شہریوں نے کنکشنز کاٹنے پر احتجاج بھی کیا۔

یہ بھی پڑھیں :سپریم کورٹ کا نسلہ ٹاور ایک ہفتے میں دھماکے سے گرانے کا حکم

نسلہ ٹاور کے متاثرین  نے چیف جسٹس اور کمشنر کراچی سے بلڈرز سے فلیٹ کی رقم واپس دلوانے کا مطالبہ کیا ہے۔

رہائشیوں کا کہنا ہے کہ  جب تک ہمیں فلیٹ کی مکمل رقم ادا نہیں کی جاتی ہم اپنی جگہ خالی نہیں کریں گے۔ ہمارے پاس رہنے کے لئے کوئی اور ٹھکانہ نہیں ہے۔

متاثرین نے احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ رقم واپس نہیں دی گئی تو عمارت کے ساتھ ہم بھی زمین بوس ہوجائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : نسلہ ٹاور گرانےکا فیصلہ برقرار، نظر ثانی اپیلیں مسترد

واضح رہے کہ کراچی میں شارع فیصل پر قائم غیر قانونی 11 منزلہ رہائشی عمارت نسلہ ٹاور میں 44 فلیٹ ہیں، 44 فلیٹ میں سے 14 کرائے پر ہیں۔

سپریم کورٹ نے عمارت گرانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا حکم دیا ہے۔عمارت کی بجلی اور پانی کے کنکشنز 27 اکتوبر تک منقطع کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں