نواز شریف کی حب الوطنی کے گواہ اُن کے کام ہیں، طلال چوہدری


سرگودھا: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف کے خلاف کسی قسم کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی، نواز شریف کی حب الوطنی کی گواہی اُن کے کام  دیتے ہیں۔

سرگودھا میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی خبر پر تبصرہ کرنے والے پہلے خبر تو پڑھ لیں، جنہوں نے خبر نہیں پڑھی وہ بھی نوازشریف کی حب الوطنی پر سوال اٹھاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف کیے جانے والے  پروپیگنڈے اُن کی مقبولیت  کم کرنے کے لیے ہیں، نواز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات پر دنیا میں جگ ہنسائی ہو رہی ہے۔

طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ پانامہ لیکس کی طرح  یہ خبر بھی چند دنوں میں ہوا ہو جائے گی، افسوس کہ ہم نے اپنی 70 سالہ تاریخ سے کچھ نہیں سیکھا۔

انہوں نے کہا کہ رکن اسمبلی ووٹ لینے سے بنتا ہے پارٹی بدلنے سے نہیں،  لوٹا کریسی پاکستان کی سیاست کو نقصان پہنچا رہی ہے، عوام نے ضمنی انتخابات میں تبدیلی کے دعوے کرنے والوں کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔

اسلام آباد میں ٹریفک حادثے میں نوجوان کے قاتل کرنل جوزف سے متعلق انہوں نے کہا کہ دنیا کے ساتھ چلنے کے لیے بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری ضروری ہے، کرنل جوزف کی ملک سے روانگی انہی معاہدوں کی کڑی ہے۔


متعلقہ خبریں