ریحام خان نے زلفی بخاری سے معافی مانگ لی


وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے زلفی بخاری پر غلط اور جھوٹے الزامات لگانے پر معافی مانگ لی ہے۔

انہوں نے زلفی بخاری پرعمران خان کے ساتھ مل کرنیویارک  کا روزویلٹ ہوٹل کم قیمت پر خریدنے کا الزام لگایا تھا جو بعد میں جھوٹا ثابت ہوا۔

ریحام خان نے زلفی بخاری پر کورونا وبا کی روک تھام میں نااہلی اورمنی لانڈرنگ  کا الزام بھی غلط تسلیم کرلیا۔

انہوں نے تمام الزامات واپس لے کر غیرمشروط معافی مانگ لی ہے۔ ریحام خان ہرجانہ بھی ادا کریں گی۔

واضح رہے کہ6 دسمبر 2019 کو ریحام خان نے یوٹیوب چینل پر مینہٹن میں واقع روز ویلٹ ہوٹل کی فروخت سے متعلق بات کی تھی اور ہوٹل کی فروخت میں زلفی بخاری کے مبینہ کردار پر سوال اٹھایا تھا۔

ریحام خان نے زلفی بخاری اور انیل مسرت پر الزام لگایا تھا۔  انیل مسرت کی طرف سے ہتک عزت کا نوٹس بھجوائے جانے کے بعد ریحام خان نے معافی مانگ لی تھی۔

زلفی بخاری نے ریحام خان کو ہتک عزت کا نوٹس بھیجا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ انہیں ہدف بنایا گیا اور کرپشن کا الزام لگایا گیا۔

ریحام خان کا کہنا تھا کہ ان کے الفاظ ہتک عزت کے زمرے میں نہیں آتے اور زلفی بخاری کی ساکھ کو اس طرح نقصان نہیں پہنچا جیسا وہ دعویٰ کر رہے ہیں۔

زلفی بخاری نے ہتک عزت کیس میں الزامات واپس لینے، ہرجانہ اور قانونی اخراجات ادا کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔


متعلقہ خبریں