شاہ محمود قریشی نے کیوی ہم منصب کے ساتھ رابطے میں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی واپسی کا معاملہ اٹھادیا
نیوزی لینڈ کی وزیر خارجہ اور شاہ محمود قریشی کا بذریعہ ویڈیو لنک رابطہ ہوا ہے۔شاہ محمود قریشی نے نیوزی لینڈ کی وزیر خارجہ کے ساتھ کرکٹ ٹیم کی واپسی اور دورہ پاکستان منسوخ کرنے کا معاملہ اٹھایا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ یکطرفہ فیصلے سے دونوں ممالک میں کرکٹ شائقین کی دل آزاری ہوئی ہے۔
نیوزی لینڈ کی وزیر خارجہ سے پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نےافغانستان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ بات چیت میں افغانستان میں سلامتی، استحکام اور اجتماعیت کے حامل سیاسی تصفیے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ افغانستان میں انسانی بحران سے نمٹنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانا ہوں گے۔افغانوں کو تنہائی کا شکار نہ ہونے دیا جائے۔
شاہ محمود قریشی نے نیوزی لینڈ وزیر خارجہ کو کابل انخلامیں معاونت سے آگاہ کیا۔نیوزی لینڈ کی وزیر خارجہ نے نیوزی لینڈ سمیت مختلف ممالک کے شہریوں کو کابل سے محفوظ انخلاء میں بھرپور مدد فراہم کرنے پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستان کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر خارجہ نے نیوزی لینڈ کی وزیر خارجہ خارجہ کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں،بھارتی قابض افواج کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے حال ہی میں، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے سنگین جنگی جرائم کے ٹھوس شواہد پر مبنی “ڈوزئر” عالمی برادری کے سامنے پیش کیا ہے
وزیر خارجہ نے فیٹف کے حوالے سے پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے موثر اقدامات سے نیوزی لینڈ کی وزیر خارجہ کو آگاہ کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ نیوزی لینڈ تکنیکی بنیادوں پر پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔