میلبورن میں نیا ریکارڈ، 246 دن کا لاک ڈاؤن


آسٹریلیا کا جنوب مشرقی حصہ کورونا سے بڑے پیمانے پر متاثر ہو رہا ہے۔ متعدد اقدامات کے باوجود کورونا مریضوں کی تعداد ایک بار پھر آسمان کو چھو رہی ہے۔ میلبورن میں دوبارہ پابندیاں نافذ کر دی گئی ہیں۔

کورونا کے آغاز کے ڈیڑھ سال بعد آسٹریلیا کے شہر میلبورن نے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ آسٹریلیا کے براڈکاسٹر اے بی سی کی رپورٹ کے مطابق براعظم کے جنوب مشرقی سرے پر واقع ریاست وکٹوریہ کا دارالحکومت اب کل 246 دنوں کے لیے لاک ڈاؤن میں ہے۔ اس طرح میلبورن نے سابقہ ​​ریکارڈ ہولڈر بیونس آئرس کو پیچھے چھوڑ دیا۔

حال ہی میں اس ریاست میں نئے کورونا انفیکشنز میں ڈرامائی اضافہ ہوا ہے۔ وکٹوریہ حکام کے مطابق فی الحال 1377 نئے کوویڈ مریض سامنے آئے ہیں، جو ہفتے کے روز کے مقابلے میں ایک سو کم ہی جو ایک نیا ریکارڈ تھا۔ حکام نے حالیہ اضافے کے لیے آسٹریلیا میں فٹ بال سیزن کے اختتام پر ہونے والی تقریبات کو مورد الزام ٹھہرایا۔ پچھلے ہفتے کے اختتام پر  اس دوران اکثر سخت کورونا قوانین کی خلاف ورزیاں دیکھی گئی تھیں۔

نئے کورونا مریضوں میں نصف سے زائد تعداد ایسے نوجوان مریضوں کی ہے، جن کی عمریں دس سے انتیس برس کے درمیان ہیں۔

یہ علاقہ تقریباﹰ دو ماہ سے سخت لاک ڈاؤن میں ہے اور مجموعی طور پر یہ اس علاقے میں چھٹا لاک ڈاؤن ہے۔ بڑے شہر میلبورن اور اس کے مضافاتی علاقوں کے پچاس لاکھ باشندے مسلسل نفسیاتی دباؤ کا شکار ہیں اور نفسیاتی  مسائل کی حدوں تک پہنچ چکے ہیں۔

ملک کی اسی فیصد آبادی کو ویکسین کی کم از کم پہلی خوراک ملنے کے بعد گزشتہ ہفتے پابندیوں میں قدرے نرمی کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا  کہ لوگوں اپنی رہائش گاہوں سے دس کلومیٹر کے بجائے  پندرہ کلومیٹر کے دائرے میں نقل و حرکت کی اجازت مل گئی ہے۔ اسی طرح گولف اور دیگر آؤٹ ڈور کھیلوں کی دوبارہ اجازت دی گئی ہے۔

تقریبا پچیس ملین باشندوں والا یہ ملک ایک طویل عرصے سے سخت حکمت عملی پر عمل پیرا تھا۔ اس ملک نے اپنی بیرونی سرحدوں کی بندش کے ساتھ ساتھ انتہائی سخت اقدامات سے اس وائرس کو ختم کرنے کی کوشش کی تھی۔ تاہم کورونا وائرس کی نئی قسم ڈیلٹا کے پھیلاؤ کی وجہ سے اب کئی علاقائی حکام تسلیم کر رہے ہیں کہ ان کی پالیسی ناکامی سے دوچار ہے۔

دوسری جانب ملکی وزیر صحت پر امید ہیں کہ جلد ہی کورونا کے پھیلاو کو روک لیا جائے گا۔ ان کے مطابق وکٹوریہ کی پڑوسی ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں کورونا کے نئے کیسز کی تعداد میں شدید کمی واقع ہوچکی ہے۔ اسی ریاست میں آسٹریلیا کا سب سے بڑا شہر سڈنی واقع ہے۔


متعلقہ خبریں