ایمی ایوارڈز کیلئے نامزدگیوں کا اعلان ہوگیا


امریکا میں ٹیلی ویژن پروگرامز کے لیے ممتاز ترین  اعزاز ایمی ایوارڈز کی نامزدگیوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

ایمی ایوارڈز ہر سال امریکہ میں ٹیلی ویژن پر پیش کیے گئے نمایاں پروگرامز کو دیا جاتا ہے۔ یہ ایوارڈز امریکہ کی اکیڈمی آف ٹیلی وژن آرٹس اینڈ سائنسز کی جانب سے دیے جاتے ہیں۔ ان ایوارڈز کا آغاز 25 جنوری 1949 کو ہوا تھا۔

سال2020 میں ایمی ایوارڈ کی ورچوئل تقریب منعقد کی گئی تھی جس میں دنیا بھر سے فن کاروں نے آن لائن شرکت کی تھی۔ رواں سال یہ ایوارڈ محدود پیمانے پر منعقد کیے جا رہے ہیں اور اس میں صرف 500 افراد ہی شریک ہو سکیں گے۔

رواں برس 73 ویں ایمی ایوارڈز کے لیے مختلف کیٹیگریز میں سب سے زیادہ نامزدگیاں ’دی کراؤن‘ اور ’مینڈالورین‘ نامی سیریز نے حاصل کی ہیں۔ ان دونوں سیریز کو 24 کیٹگریز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

کامیڈی شو ’ٹیڈ لاسو‘ کو 20 نامزدگیاں حاصل ہوئی ہیں۔ ایمی ایوارڈ کے سب سے بڑے ایوارڈ بہترین ڈرامہ سیریز کے لیے ’دی کراؤن‘ اور ’دی مینڈالورین‘ میں سخت مقابلہ ہے۔

توقع کی جا رہی ہے کہ اس سال برطانوی ساکر ٹیم کے امریکی کوچ کی کہانی پر مبنی مزاحیہ شو ’ٹیڈ لاسو‘ اور برطانوی شاہی خاندان کے حالات پر مبنی سیریز ’دی کراؤن‘ سب سے زیادہ ایوارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہیں گے۔

ایمی ایوارڈز جیتنے والوں کے ناموں کا اعلان اتوار 19 ستمبر کو کیا جائے گا۔ منتظمین کے مطابق سب سے زیادہ نامزدگیاں حاصل کرنے والی برطانوی سیریز ’دی کراؤن‘ کے زیادہ تر فنکار لندن ہی سے آن لائن تقریب میں شریک ہوں گے۔

 


متعلقہ خبریں