گریٹر اقبال پارک کیس:متاثرہ خاتون نے6 ملزمان کو شناخت کر لیا


لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں خاتون سے دست درازی کے کیس میں متاثرہ خاتون نے کیمپ جیل میں 155 سے زائد ملزمان کی شناخت پریڈ کی۔ خاتون نے 6 ملزمان کو شناخت کر لیا۔

پولیس کی جانب سے حراست میں لئے گئے 160 افراد کی شناخت پریڈ کیلئے گریٹر اقبال پارک واقعے کی متاثرہ خاتون کیمپ جیل پہنچی۔

یہ بھی پڑھیں: مینار پاکستان دست درازی کیس، عائشہ اکرم کی شناخت پریڈ سے معذرت

خاتون جج کی موجودگی میں ملزمان کی شناخت کا عمل مکمل کیا گیا۔ کیمپ جیل کے سپرنٹنڈنٹ بھی شناخت پریڈ کے موقع پر موجود تھے۔

جیل ذرائع کے مطابق شناخت پریڈ کے دوران خاتون نے155میں سے چھ ملزمان کی شناخت کر لی۔

شناخت پریڈ کے موقع پر جیل کے باہر گرفتار افراد کے اہلخانہ کی جانب سے احتجاجی  مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ انکے بچوں کو ناحق معاملے میں ملوث کر کے گرفتار کیا گیا۔ مظاہرین نے فیروز پور روڈ پر ٹریفک بلاک کر دی۔ پولیس کے ساتھ تلخ کلامی پر کئی مظاہرین کو حراست میں بھی لے لیا گیا۔

اس سے پہلے 28 اگست کو گرفتار ملزمان کی کیمپ جیل میں شناخت پریڈ نہیں ہوسکی تھی۔ متاثرہ خاتون عائشہ اکرم نے  طبیعت ناساز ہونے پر جیل میں آنے سے معذرت کر لی تھی

خیال رہے کہ 14 اگست کے روز سو سے زائد افراد پر مشتمل ایک ہجوم نے اس وقت خاتون پر حملہ کردیا تھا جب وہ اپنے یوٹیوب چینل کے لیے ویڈیو بنارہی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: مینار پاکستان واقعہ، متاثرہ خاتون نے پولیس ٹیم کو بیان قلمبند کروا دیا

سوشل میڈیا پر اس واقعے کی گردش کرتی مختلف ویڈیوز میں متاثرہ لڑکی کو مدد کے لیے چیخ و پکار کرتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ ویڈیوز سامنے آنے کے بعد لاہور پولیس نے متاثرہ لڑکی کی درخواست پر نامعلوم افراد کے خلاف ۔مقدمہ درج کر کے اپنی تحقیقات کا آغاز کر دیا تھا۔


متعلقہ خبریں