پاکستان کو افغانستان میں تنازعہ کے پائیدار حل کا حصہ ہونا چاہیے،امریکی سینیٹر لنڈسے گراہم


واشنگٹن: امریکی ری پبلکن سینیٹر لنڈسے گراہم نے کہا ہے کہ پاکستان کو افغانستان میں تنازعہ کے پائیدار حل کا حصہ ہونا چاہیے.

سینیٹر لنڈسے گراہم نے افغانستان چھوڑنے کے خواہشمند لوگوں کو نکالنے میں مدد کرنے پر پاکستانی حکومت کی تعریف بھی کی۔

انہوں نے افغانستان کی صورتحال پر امریکہ میں پاکستان کے سفیر اسد مجید خان سے بات چیت کے بعد ٹوئٹر پر لکھا کہ امریکی شہریوں، ہمارے اتحادیوں اور دیگر ممالک کے انخلا میں مدد کے لیے پاکستانی حکومت کی کوششوں کو بہت سراہتے ہیں۔

سینیٹر گراہم نے خطے کو انتہائی پیچیدہ اور اس دور کو خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں کسی بھی پائیدار حل میں پاکستان شامل ہونا چاہیے۔

اس موقع پر پاکستانی سفیراسد مجید نے کہا کہ انہوں نے افغانستان کی موجودہ صورتحال پر سینیٹر گراہم سے بات کی ہے اور انہیں افغانستان سے انخلاء کے لیے پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا ہے۔


متعلقہ خبریں