ہمیں زمینی حقائق کے مطابق فیصلے کرنے ہوں گے، فواد چوہدری


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ امریکہ نے افغانستان سے واپسی کا فیصلہ ہم سے پوچھ کر نہیں کیا۔ ہمیں زمینی حقائق کے مطابق فیصلے کرنے ہوں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے فیصلوں کا خمیازہ ہمیں بھگتنا پڑتا ہے اس لیے ہمیں اپنے زمینی حقائق کے مطابق فیصلے کرنے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں 18 کروڑ موبائل فون کنکشن ہیں اور ملک میں 114 ٹی وی چینلز کام کر رہے ہیں جبکہ 258 ایف ایم چیلنز موجود ہیں۔ اس کے علاوہ ایک ہزار 672 اخبارات ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ہم پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی لا رہے ہیں جبکہ مستقبل ڈیجیٹل میڈیا کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ فسادات کے پیچھے سب سے بڑا ہاتھ بھارت میں بیٹھے پاکستان مخالف عناصر کا ہے جبکہ ریاست مخالف بیانیہ کو بھارت سے سپورٹ ملی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا سے مزید 67 افراد جاں بحق

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمیں اصل اور جعلی خبر میں فرق تلاش کرنے کا چیلنج درپیش ہے۔ امریکہ کے سابق صدر اوباما نے 2013 میں کہا تھا کہ حکومتوں کا سب سے بڑا چیلنج فلو آف انفارمیشن سے نمٹنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں جب ٹی ایل پی کے خلاف آپریشن شروع ہوا تو تین گھنٹوں کے دوران ہزاروں ٹویٹس ہوئے کہ کراچی میں سول وار شروع ہو گئی اور ان سارے ٹویٹس میں ہندوستان کا بڑا ہاتھ تھا۔


متعلقہ خبریں