امریکہ نےشمالی کوریا کومعاشی امداد کی پیشکش کردی 

ایران سے جوہری ڈیل ختم، شمالی کوریا سے رابطہ شروع  | urduhumnews.wpengine.com

واشنگٹن: ایران سے جوہری ڈیل ختم کرنے کے بعد امریکہ نے شمالی کوریا کو جوہری پروگرام ختم کرنے پر معاشی امداد کی پیش کش کردی۔

یہ پیشکش واشنگٹن میں امریکہ کے سیکریٹری خارجہ اور جنوبی کوریا کے وزیر خارجہ کی مشترکہ پریس کانفرنس میں سامنے آئی ہے۔ امریکہ کے سیکریٹری خارجہ  مائیک پومپیو نے کہا کہ جوہری پروگرام کے خاتمے تک شمالی کوریا پر پابندیاں عائد رہیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ شمالی کوریا کو جوہری پروگرام تلف کرنے کی تصدیق کرنا ہو گی۔

امریکہ کے سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیونے کہا کہ اگر جوہری پروگرام کے خاتمے کے لیے شمالی کوریا فوری اہم اقدامات کرتا ہے تواس کی معیشت کی بحالی میں مدد کریں گے۔

ایران نے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جوہری معاہدے سے نکلنے کے اعلان کے بعد صنعتی بنیادوں پراپنا ایٹمی پروگرام دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا ہے کہ امریکہ نے اپنے احمقانہ رویے سے افراتفری پھیلا رکھی  ہے لیکن ایران کی جانب سے مذاکرات کے دروازے اب بھی کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جوہری معاہدے میں شامل دیگر ممالک کے ساتھ مل کر ڈیل برقرار رکھنے کی بھی کوشش کریں گے۔

امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی ختم کرا نے اور ڈیل بچانے کے لیے یورپی یونین اور روس کی کوششیں جاری ہیں۔ روس، جرمنی اور ترکی نے جوہری ڈیل برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

یورپی یونین میں خارجہ امور کی چیف فیڈریکا موگیرینی نے جوہری ڈیل کو برقرار رکھنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ امریکہ کے علیحدہ ہونے کے باوجود اس ڈیل کا احترام کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں