طالبان کا صوبہ نمروز کے دارالحکومت پر قبضہ


طالبان نے افغانستان کے صوبہ نمروز کے دارالحکومت زارنج پر بھی قبضہ کرلیا ہے۔

افغان میڈیا کے مطابق زارانج  پہلا صوبائی دارالحکومت ہے جس پر طالبان نے قبضہ کیا ہے۔ طالبان نے افغان حکومت کے ترجمان کو بھی قتل کردیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ افغان فورسز اور جنرل رشید دوستم کے وفادار جنگجو زارنج سے فرار ہوگئے ہیں۔ زرنج ایک اہم تجارتی شہر ہے جس کی سرحد ایران کیساتھ لگتی ہے۔

اس سے پہلے جمعے کو افغانستان میں ملک کے میڈیا اینڈ انفارمیشن سینٹر کے ڈائریکٹر دوا خان مینہ پال کو دارالحکومت کابل میں طالبان جنگجوؤں نے قتل کر دیا تھا۔

دوسری جانب طالبان نے جمعے سے پاکستان، افغانستان کی سرحد کو سپین بولدک کے مقام پر ہر قسم کی نقل و حرکت کے لیے بند کر دیا ہے۔

افغان طالبان کے قندھار کے کمشنر حاجی وفا کی جانب سے ایک پمفلٹ جاری کیا گیا ہے جس میں سرحد کی بندش کا اعلان کیا گیا۔

طالبان کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ جب تک پاکستان ایسے افغان پناہ گزینوں کو آنے جانے کی اجازت نہیں دیتا جن کے پاس مطلوبہ دستاویزات موجود ہیں، تب تک یہ سرحد بند رہے گی۔


متعلقہ خبریں