نواز شریف کو اقامے کی نہیں مامے کی وجہ سے نکالا، شہباز گل


اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ نواز شریف کو اقامے کی نہیں مامے کی وجہ سے نکالا گیا۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مریم نواز نے آج اپنی تقریر میں مضحکہ خیز باتیں کیں۔ وہ بار بار کہتی ہیں کہ میری رگوں میں کشمیر کا خون ہے لیکن آپ لوگ پہلے دن سے کشمیریوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا ماما وہ تھا جس نے لندن فلیٹ خرید کردیے اور نواز شریف لندن فلیٹ کا کوئی بھی ثبوت دینے میں ناکام رہے ہیں۔ نواز شریف لندن فلیٹ کے ثبوت کے نام پر قطری خط پیش کرتے تھے۔

شہباز گل نے کہا کہ نواز شریف نے حریت کانفرنس کے رہنماؤں سے ملاقات سے انکار کیا تھا۔ بھارتی سرمایہ کار سجن جندال کو مری والے گھر بلایا اور قومی سلامتی کے اداروں کو بھی اعتماد میں نہیں لیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کو جیل میں قتل کرنے کی سازش کی گئی، مریم نواز

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے کبھی کلبھوشن یادیو کا نام نہیں لیا۔ نواز شریف نے وزارت خارجہ اپنی جیب میں رکھ کر کھلی چھٹی دے دی وہ اپنی شوگر ملز کے لیے بھارتیوں کو بغیر ویزے لاتے رہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ کشمیر کو دراصل مریم نواز کے والد نے بیچا تھا۔ مریم نواز سزا یافتہ مجرمہ ہیں اور ضمانت پر ہیں وہ بھارت کی زبان بول رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اجمل قصاب کے معاملے پر بھی بھارت کی زبان بولتے رہے۔


متعلقہ خبریں