بھارت کا مقبوضہ کشمیر میں 500 مساجد مسمار کرنے کا منصوبہ، مشال ملک


کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں 500 مساجد مسمار کرنے کی سازش کر رہا ہے۔

جیل میں بند کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک کی اہلیہ نے  گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کشمیر سوسائٹی کے زیر اہتمام یوم شہدا کشمیر کی یاد کے سلسلے میں منعقدہ ایک سیمینار میں خطاب کرتے ہوئے کہا مساجد کی پہلے سے ہی نشاندہی کی جاچکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جموں کشمیر میں ہندوؤں کی آباد کاری کے لئے مساجد کی زمین پرمندر تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

مشال ملک نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو اس صدی کا ہٹلر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مودی سرکار نے مجاہدین کے خلاف بربریت اور دہشت گردی کی نئی مثال قائم کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی سراسر خلاف ورزی پر آبادی کے تناسب کو تبدیل کیا جارہا ہے اورعالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

تقریب میں شریک پروفیسر زیدی کا کہنا تھا کہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیریوں کو حق خود ارادیت حاصل ہوگا۔

دیگر شرکا نے کہا کہ مقبوضہ وادی پر ہندوستان کا کوئی حق نہیں ہے۔ یونیورسٹیوں کو مسئلہ کشمیر پر نوجوانوں کے لئے جامع نصاب شائع کرنا چاہئے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز دنیا بھر میں یوم شہدائے کشمیر منایا گیا اور 13 جولائی 1931 میں شہید ہونے والے 22 نوجوانوں کی یاد میں تقاریب کا انعقاد ہوا۔

 


متعلقہ خبریں