انکوائری کمیٹی کی سفارشات نظر انداز، عاصم رؤف سی ای او ڈریپ تعینات

انکوائری کمیٹی کی سفارشات نظر انداز، عاصم رؤف سی ای او ڈریپ تعینات

وفاقی وزارت صحت نے اپنی ہی انکوائری کمیٹی کی سفارشات کو نظر انداز کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈائریکٹر عاصم رؤف کو ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) کا چیف ایگزیکٹیو آفیسر تعینات کردیا ہے۔

ایک ہفتہ قبل وزارت صحت کی انکوائری کمیٹی نے عاصم رؤف کی ترقی و تقرری کو غیر قانونی قرار دے دیا تھا۔

وزارت صحت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق عاصم رؤف کو یہ عہدہ 17 جون 2021 سے تین ماہ کیلئے یا ڈریپ کے اگلے مستقل سی ای او کی تعیناتی تک دیا گیا ہے۔

عاصم رؤف کی بطور سی ای او ڈریپ تعیناتی سے متعلق وزارت صحت کا 22 جون کو جاری کیا گیا نوٹیفکیشن بدھ  کے روز میڈیا کو ریلیز کیا گیا۔

اس سے قبل وزارت صحت کی انکوائری کمیٹی  نے عاصم رؤف اور دیگر 2 ملازمین کی 2017 کو ڈپٹی ڈائریکٹر سے ایڈیشنل ڈائریکٹر کے عہدے پرترقی کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔

انکوائری رپورٹ کے مطابق عاصم رؤف کو 2018 میں پچھلی تاریخوں میں ایڈیشنل دائریکٹر کے عہدے پر دی گئی جو ایک غیر قانونی عمل تھا۔ عاصم رؤف کی بطور سی ای او تقرری ڈریپ ایکٹ 2012 کی خلاف ورزی ہے، ڈریپ ریکارڈ ضائع کرانے سے متعلق ویڈیو کو فرانزک انونسٹی گیشن کرائی جائے۔

وزارات صحت کی انکوائری کمیٹی نے عاصم رؤف کی ترقی و تقرری کو غیر قانونی قراردیتے ہوئے ڈریپ کے سی ای او اور دیگر 13 دائریکٹرز کی قوائد و ضوابط کے مطابق تعیناتی کی سفارش کردی تھی۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم اور نیب کو لکھے گئے خطوط میں الزامات عائد کیا گیا ہے کہ  عاصم رؤف کو رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پچھلی تاریخوں میں ڈپٹی ڈائریکٹر سے بطور ایڈیشنل ڈائریکٹر ترقی دی گئی، جب کہ ڈریپ سروس رولز میں ایڈیشنل ڈائریکٹر کی کوئی پوسٹ سرے سے موجود ہی نہیں ہے۔

ذرائع کے مطابق جب اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے عاصم رؤف کی غیر قانونی ترقی پر وزارت صحت سے جواب طلب کیا تو سابق وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ کے دباؤ پر معاملے کو دبا دیا گیا اور عاصم رؤف ایڈیشنل ڈائریکٹر کے تمام مراعات لیتے رہے۔

عاصم رؤف کو بعد ازاں ڈائریکٹر ڈریپ تعینات کیا گیا جبکہ ان کے پاس ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈریپ لاہور کا چارچ بھی تھا۔ بعد ازاں عاصم رؤف کو ڈریپ کے سی ای او کا چارچ بھی دیا گیا۔ اب عاصم رؤف بیک وقت تین عہدوں پر کام کررہے ہیں۔ ان کے پاس ایڈیشنل ڈائریکٹر لاہور، ڈائریکٹر ڈریپ اسلام آباد و سی ای او ڈریپ کا عہدہ ہے۔


متعلقہ خبریں