بھارت میں لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنا کر زندہ جلا دیا گیا


رانچی: بھارتی ریاست جھاڑکھنڈ میں 16 سالہ لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد آگ لگا دی گئی۔

جھاڑکھنڈ پولیس کے مطابق واقعہ گاؤں پاکوڑ میں پیش آیا، نذر آتش کی جانے والی لڑکی کا 70 فیصد جسم جل چکا ہے اور اس کا علاج مغربی بنگال کے علاقے برہما پور کے ایک اسپتال میں کیا جا رہا ہے، پولیس نے 19 سالہ ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

ایک  سینئر پولیس افسرکے مطابق ملزم لڑکی سے شادی کرنا چاہتا تھا لیکن وہ راضی نہیں تھی، واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

بھارت کی مشرقی ریاست میں ایک ہفتے کے دوران پیش آنے والا یہ دوسرا واقعہ ہے۔

اسی روز جھاڑکھنڈ کے ضلع چھترا میں 16 سالہ لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد جلا کر قتل کر دیا گیا تھا۔ واقعے کے بعد پولیس نے 15 افراد کو گرفتار کر لیا تھا۔

ذرائع کے مطابق بھارت میں ہر سال 40 ہزار سے زیادہ ریپ کیسز رپورٹ ہوتے ہیں۔

گزشتہ ماہ مقبوضہ کشمیر کے شہر کھٹوعہ میں آٹھ سالہ آصفہ کو بھی زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا تھا جس کے بعد پورے ہندوستان میں شدید احتجاج کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں