چین کا پاکستان کو مزید کورونا ویکسین بھجوانے کا اعلان

چینی کورونا ویکسین آئندہ ماہ سے پاکستان میں تیار ہوگی

چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے 31 مارچ تک پاکستان کو مزید کورونا ویکسین ڈوزز تحفتاً بھجوانے کا اعلان کردیا۔

اس حوالے سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی  نے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کے ساتھ ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ کے مابین کورونا وبائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جاری پریس ریلیز کے مطابق شاہ محمود قریشی سے گفتگو کرتے ہوئے چینی وزیرخارجہ نے کہا کہ چین سے کورونا ویکسین کے حصول کیلئے 100 سے زیادہ ممالک رابطہ کرچکے ہیں۔ پاکستان کو ترجیحی بنیادوں پر ویکسین کی مطلوبہ ڈوزز مہیا کریں گے۔

مزید پڑھیں: چین کا ویزہ چاہیے تو چینی ویکسین لگوائیں

شاہ محمود قریشی نے تحفتاً  کورونا ویکسین بھجوانے پر چینی قیادت اور چینی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے جذبہ خیرسگالی پر چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کا شکریہ ادا کیا۔

چینی قیادت کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات پر شکریہ ادا کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کورونا چیلنج کے بعد جس طرح چین نے پاکستان کی معاونت کی ہے وہ فقیدالمثال ہے۔ اسمارٹ لاک ڈاوَن سمیت تمام حفاظتی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

جاری پریس ریلیز کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات اور کثیرالجہتی شعبہ جات میں تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ کا پاکستان اور چین کے مابین اعلیٰ سطحی روابط کا تسلسل جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔


متعلقہ خبریں