اذان سمیع خان کا سریلا گلدستہ تیار

فوٹو: فائل


معروف موسیقار اور گلوکار اذان سمیع خان نے اپنے پہلے سولو میوزک البم کا کور اور ٹریک لسٹ ریلیز کر دیے ہیں۔

بین الاقوامی سطح پر پذیرائی حاصل کرنے والی ہم فلمز کی پیشکش ’پرواز ہے جنون‘ کے موسیقار اذان سمیع خان سوشل میڈیا  پلیٹ فارمز پر کم ہی دکھائی دیتے ہیں مگر پس پردہ مختلف میوزک پراجیکٹس پر کام کرکے میوزک انڈسڑی میں جگہ بنائے رکھتے ہیں۔

ہم میوزک کے بینر تلے ریلیز ہونے والے اس البم کے ذریعے اذان اس مرتبہ مشہور فلمی گیتوں سے ہٹ کر مداحوں کو موسیقی کا منفرد تحفہ دینے جارہے ہیں۔

معروف اداکارہ زیبا بختیار کے بیٹے اذان کے نئے البم  کا  ٹائٹل ‘میں تیرا’ ہے،  البم کور اور ٹریک لسٹ کی رونمائی کے بعد البم کی فہرست سے پہلا گانا  ‘میں تیرا’ بھی 10 فروری 2021 کو ریلیز کیا جائے گا۔

میوزک البم میں اذان نے صرف اپنی آواز کا جادو ہی نہیں جگایا بلکہ گیتوں کے بول ان کی زندگی سے جڑی سچی کہانیوں اور جذبات کی عکاسی کرتے ہیں۔

اذان سمیع خان نے اپنی البم کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس میوزک البم کو اپنی ذات سے جڑا رکھنا چاہتا تھا۔ البم کو اگر میری سوانح حیات کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ زندگی کے اتار چڑھاؤ پر مبنی اس البم میں کسی سے پہلی مرتبہ محبت ہونے، کسی کا چہرہ ایک نظر میں بھا جانے سے لے کر دل کے ٹوٹ جانے تک کے تمام مراحل کا احاطہ بذریعہ موسیقی اور دلکش شاعری  سے کیا گیا ہے۔

گلوکار کا کہنا تھا کہ صرف یہی نہیں 9 گیتوں پر مشتمل ٹریک لسٹ میں موجود کچھ ایسا بھی ہے جو سننے والوں کو اپنی جانب متوجہ کرلے گا۔ اذان نے اس البم کے لیے لیجنڈری گلوکار استاد راحت فتح علی خان کے ساتھ مشترکہ طور پر گیت ‘میری سجنا رے’ بھی ریکارڈ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پرواز ہے جنون 40 سال بعد چین میں ریلیز ہونے والی پہلی پاکستانی فلم

اذان سمیع خان نے بتایا کہ البم کی مکمل ٹریک لسٹ پر نظر ڈالیں تو ماہیا ، ڈھولنا،  میں تیرا،  جادوگری،  عاشقی،  تُو،  زما   اور ایک لمحہ نامی گیت اس میں شامل ہیں جبکہ اوریجنلز کے ساتھ ساتھ ایکوسٹک اور لائیو  انداز پرمبنی گیت بھی البم کا حصہ ہیں۔

گزرتے وقت کے ساتھ موسیقی میں آئے بدلاؤ کو دیکھتے ہوئے اذان نے اپنی البم کو محدود نہیں رکھا بلکہ موسیقی کی مختلف اصناف کا خوب تڑکا لگایا ہے اور اپنے مداحوں کو محظوظ کرنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ان کے مداح اور گانے سننے والے ان کے لیے بہت اہمیت کے حامل ہیں۔ اس سے قبل فلموں میں کمپوز کیے گئے میرے گیتوں کو عوام سے بے حد پذیرائی ملی ہے، ایسے میں میری کوشش ہے کہ اپنے نئے البم میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ البم کے گیتوں کو سن کر مداح مایوس نہیں ہوں گے۔

اذان سمیع خان کا نیا آنے والا میوزک البم ان کے موسیقی کے سفر اور انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔ اس سے قبل وہ پرے ہٹ لو، سپر اسٹار اور پرواز ہے جنون جیسی سپر ہٹ فلموں کے سپر ہٹ گیت پیش کرکے داد سمیٹ چکے ہیں۔

ہم میوزک پاکستان کے مایہ ناز گلوکاروں اور تخلیقی صلاحیتوں کے حامل موسیقاروں کی معاونت کے لیے  ہم نیٹ ورک لمیٹڈ کا منفرد قدم ہے۔

اس کے قیام کا مقصد میوزک کانسرٹس کے دم توڑتے رجحان کی بحالی ، میوزک البمز کی لانچنگ سمیت پاپ میوزک کلچر کو پروان چڑھانا ہے۔

نامور، قابل اور باصلاحیت اذان سمیع کی ہم میوزک کے ہمراہ البم کی ریلیز تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوگی جو انڈسٹری میں دم توڑتے رجحانات کو پھر سے زندہ کردے گی۔

لیجنڈری موسیقاروں کے ہمراہ کی گئیں مشترکہ کوششیں نا صرف موسیقی کے شائقین کا دل موہ لیں گی بلکہ میوزک انڈسٹری سے جڑے باصلاحیت نوجوانوں کے لیے مددگار بھی ثابت ہوں گی۔


متعلقہ خبریں