پاکستان کو کورونا ویکسین آسٹرازنیکا کی ایک کروڑ70 لاکھ خوراکیں ملیں گی


چین میں تیار کردہ سائنوفارم کورونا ویکسین کے بعد آکسفورڈ یونیورسٹی کی آسٹرازنیکا بھی پاکستان آئے گی۔

پاکستان نےکورونا ویکسین آسٹرازنیکا کی ایک کروڑ70 لاکھ خوراکیں بک کر لی ہیں جس کی فراہمی فروری سے شروع ہو جائے گی۔

سربراہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر اسد عمر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف عالمی اتحاد کوویکس (COVAX) کی جانب سے پاکستان کو ایک کروڑ 70 لاکھ ویکسین ڈوز فراہم کرنےکا خط موصول ہوا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ کوویکس کی جانب کورونا ویکسین فروری سے ملنا شروع ہوگی اور مارچ میں ساٹھ لاکھ خوراکیں آ جائیں گی جبکہ جولائی سے پہلے مکمل ویکسین پاکستان کو مل جائے گی۔

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کے رجسٹریشن بورڈ نے کورونا وائرس کی برطانوی ویکسین آسٹرازنیکا کے ہنگامی استعمال کی اجازت دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا ویکسین کیلئے پاک فضائیہ کا طیارہ چین روانہ

آسٹرازنیکا کورونا ویکسین برطانوی وزارت صحت سے منظورشدہ ہے اور اس کی کامیابی کا تناسب62 فیصد ہے۔

آسٹرازنیکا کی کورونا ویکسین کو گھریلو فریج میں رکھا جا سکتا ہے اور یہ4 ڈگری تک کے درجہ حرارت پر محفوظ رہتی ہے۔

چینی کمپنی سائنوفارم کی تیار کردہ ویکسین کی 12 لاکھ خوراکیں پاکستان نے منگوائی ہیں جو پاکستان میں79 فیصد مؤثر ہے۔ چین سے منگوائی کی ویکسین یکم فروری کو پاکستان پہنچ جائے گی۔

پاکستان میں آنے والی کورونا کی ویکسین سب سے پہلے ہیلتھ ورکرز کو دی جائے گی جن کی رجسٹریشن کا عمل جا ری ہے۔


متعلقہ خبریں