لاہور2021میں سیاحت کیلئے پسندیدہ شہروں میں شامل



دنیا بھر میں پاکستان کے سیاحتی تشخص کا اعتراف کیا جانے لگا ہے۔ امریکی جریدے نیو یارک ٹائمز نے تاریخی اہمیت دی ہے۔

اپنے لذیذ کھانوں اور خوبصورت لینڈ سکیپس کی بناء پر لاہور کو دنیا کے ان باون شہروں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے جو2021میں سیاحت کے لئے پسندیدہ ترین جگہیں ہو سکتی ہیں۔

امریکی جریدے نیو یارک ٹائمز نے اپنے قارئین کی رائے پر مبنی ایک سروے کا انعقاد کیا جس میں ان سے پوچھا گیا کہ2020 کے تاریک سال میں دنیا کے کن شہروں نے انہیں متاثر کیا؟ کس شہر نے انہیں سکون کے لمحات فراہم کیے؟

اخبار پڑھنے والے افراد نے2 ہزار کے قریب شہروں کے بارے میں اپنی رائے بھیجی جس میں سے لاہور سمیت باون شہروں کا انتخاب کیا گیا۔

جریدے کے مطابق یہ باون شہر دو ہزار اکیس میں سیاحت کے حوالے سے پسندیدہ ترین جگہیں ہونگی۔

امریکی جریدے نے لاہوریوں کی زندہ دلی، مہربان فطرت، مہمان نوازی، لذیذ کھانے، سردیوں میں دھند کے پار سے چھلکتی روشنیوں کے نظارے، بادشاہی مسجد اور دیگر مغلیہ عمارتوں کو شہر کے حسن کا شاہکار قرار دیا۔

چئیرمین لاہور شناسی فاؤنڈیشن فیضان نقوی کہتے ہیں کہ پر رونق بازار اور خوبصورت عمارتیں لاہور کی طرف کھینچ لاتی ہیں اور لوگ چلے آتے ہیں۔

لاہور کے بارے میں رائے دینے والوں کے تاثرات کو امریکی جریدے نے بیان کیا کہ سردیوں میں لاہور آپ کیلئے بانہیں کھولتا ہے، آپ کو کھلاتا ہے اور پھر گلے سے لگا لیتا ہے۔


متعلقہ خبریں