جے یو آئی سے نکالے گئےرہنماؤں کا اجلاس ، اہم فیصلے متوقع

جے یو آئی ف نے حافظ حسین احمد، مولانا شیرانی سمیت 4 ارکان کو پارٹی سے نکال دیا

جے یو آئی سے نکالے گئے سینئر رہنماؤں کا اسلام آباد میں اجلاس جاری ہے۔ اجلاس میں مولانا شیرانی مولانا، گل نصیب خان، مولانا شجاع الملک اور دیگر شریک ہیں۔

حافظ حسین احمد کورونا ٹیسٹ نہ ہونے پر اسلام آباد نہیں پہنچ سکے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں مولانا فضل الرحمان کے خلاف صف بندی اور لائحہ عمل پر مشاورت کی جائے گی۔جے یوآئی رہنما شام6 بجے پریس کانفرنس میں فیصلوں کا اعلان کریں گے۔

مولانا محمد خان شیرانی، حافظ حسین احمد، مولانا گل نصیب اورمولانا شجاع الملک کی بنیادی رکنیت ختم کی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق چاروں رہنماؤں کو پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے پر رکنیت ختم کرکے پارٹی سے نکالا گیا۔

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سینئررہنما اور سابق چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل مولانا محمد خان شیرانی نے مولانا فضل الرحمان کو سلیکٹڈ کہا تھا۔

مولاناشیرانی نے یہ بھی کہا کہ میں اپنے ساتھیوں سے مشورہ کر کے بلوچستان کے تمام اضلاع میں پارٹی کے دفاتر قائم کروں گا۔

مردان سے جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما مولانا شجاع الملک نے مولانا شیرانی کی تائید کی تھی۔

اطلاعات ہیں کہ پارٹی سے نکالے جانے کے بعد جے یو آئی رہنماؤں نے ملک بھر میں رابطے کیے اور مولانا فضل الرحمان کی پالیسیوں سے اختلاف رکھنے والے رہنماؤں کو اسلام آباد بلایا۔


متعلقہ خبریں