اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی چھت ایک بار پھر ٹپکنے لگی

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی چھت ایک بار پھر ٹپکنے لگی

اسلام آباد: 105 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی چھت ایک بار پھر ٹپکنے لگی۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں سے گزرنے والی پائپ لائن پھٹ جانے سے پانی بلڈنگ کی چھت سے دھار کی صورت میں لاونج میں داخل ہوگیا۔

پائپ لائن پھٹنے سے ایئرپورٹ کے اندرون ملک آمد (ڈومیسٹک آرائیول) لاؤنج میں پانی جمع ہوگیا۔ لاؤنج میں پانی آنے سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

عملے کی جانب سے  اسلام آباد ایرپورٹ کے لاؤنج میں آنے والے پانی کو وائپرز کے ذریعے صاف کرنے کی کوشیش کی جاری ہیں۔

سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اربوں روپے کی لاگت سے  بننے والے اسلام آباد ایئر پورٹ میں ڈریمز کی لائن پھٹ گئی ہے۔

چند ماہ قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والی بارش کے باعث اسلام آباد ایئرپورٹ کی چھت ٹپکنے لگی تھیں اوراسکینگ مشین گیلی ہو گئی تھی۔ اسکینگ مشین کو حفاظتی نقطہ نظر سے پلاسٹک کور چڑھا کر ڈھانپ دیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: انتظامیہ کی غفلت، اسلام آباد ایئرپورٹ تباہی کے دہانے پر

ہم نیوز کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہونے والی مسلسل بارش کے نتیجے میں ایئرپورٹ کے لاؤنج میں بھی پانی پہنچ گیا تھا جس سے صورتحال مزید خراب ہوگئی تھی۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے دس جنوری کو ایئرپورٹ پر پروازوں کی تاخیر اور مسافروں کو درپیش مسائل سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران کہا تھا کہ اسلام آباد ایئر پورٹ کی تعمیر جس طرح ہوئی ہے اس سے لگتا ہے کہ کسی بھی دن گر جائے گا۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد ایئر پورٹ کسی بھی دن گر جائے گا، چیف جسٹس

گزشتہ سال جنوری میں ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا تھا کہ انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی کے سبب 105 ارب روپے کی خطیر رقم سے تیار ہونے والا قومی منصوبہ تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے جس کی وجہ سے مسافروں کو آئے روز مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ہم نیوز نے گزشتہ سال بتایا تھا کہ الیکٹرانک سیڑھیاں خراب ہونا، واش رومز میں گندگی اور دیگر مسائل ایئرپورٹ پر معمول بن چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں