ریاض: پاکستانی فلم پروڈیوسرز کا سعودی عرب کے ساتھ پاکستانی ڈرامہ اور فلم کے فروغ کے لئے معاہدہ طے پاگیا ہے۔
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں آئی ایچ اے انٹرٹینمنٹ پاکستان اور ٹاپ ایونٹ کی جانب سے نالج کوراکیڈمی میں پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
پاکستانی فلم ایکٹریس حریم فاروق، فلم پروڈیوسرزعمران کاظمی، عارف لاکھانی اور ٹاپ ایونٹ کے سربراہ پرنس عبدالعزیز بن متعب نے پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔
ٹاپ ایونٹ اور آئی ایچ اے کے مابین پانچ سالہ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
پرنس عبدالعزیز بن متعب کا کہنا تھا کہ پاکستانی فلمیں اپنی مقبولیت کی وجہ سے سعودی عرب میں بھی دکھائی جانی چاہیئں ۔ ان کا کہنا تھا کہ فنکاروں کو یہاں کام کرنے کے بھی مواقع فراہم کئے جائیں۔
پاکستان کی مقبول فنکارہ حریم فاروق نے کہا کہ پاکستانی فلمیں اپنا معیار بہتر بنا رہی ہیں۔
فلم پروڈیوسر عارف لاکھانی اور عمران رضا کاظمی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں فلم انڈسٹری کو فروغ مل سکتا ہے۔
پاکستان میں بننے والی اردو فلمیں نہ صرف پاکستان میں دیکھی جاتی ہیں بلکہ برصغیر میں اردو بولنے والے ان کو پسند کرتے ہیں۔
فلم بینوں کا ماننا ہے کہ سعودی عرب میں اردو سمجھنے والے جس طرح ہندوستان میں بننے والی فلموں کو دیکھیں گے وہیں پاکستانی فلموں سے بھی لطف اندوز ہوں گے۔