جو تم کرو گے وہ ہم کریں گے، شیخ رشید کا اپوزیشن کو پیغام



اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو ستم کرے گا اس کے ساتھ ستم ہو گا۔ جو تم کرو گے وہ ہم کریں گے۔ 

بطور وفاقی وزیر داخلہ اپنی پہلی پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو جلسے کرنے کی کھلی اجازت ہے۔ پی ڈی ایم کے جلسے سے عمران خان کہیں نہیں جائیں گے۔ اقتدار کے بھوکے اتوار بازار لگانے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاستدان کال دیتا ہے۔ گلی گلی دعوت نامے بانٹ کر خوار نہیں ہوتا۔ پی ڈی ایم چوں چوں کا مربہ ہے۔ ان کے پلگوں میں کچرا آچکا ہے۔ یہی اپوزیشن رہی تو عمران خان اگلا الیکشن بھی جیتیں گے۔

وفاقی کابینہ میں اکھاڑ پچھاڑ: شیخ رشید کو وزیر داخلہ بنا دیا گیا

شیخ رشید نے کہا کہ یہ میری 15 ویں وزارت ہے۔ اب اس ملک میں منی لانڈرنگ کا دور ختم ہو گا اور میں جدید ترین بارڈر مینجمنٹ سسٹم لاؤں گا۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ملک میں غریب لوگوں کو پاسپورٹ کی سہولت دوں گا اور امیگریشن کے مسائل کو حل کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ گزشتہ 2 ماہ سے مہم چلا رہے ہیں اور گلی گلی میں جا رہے ہیں، عمران خان مینار پاکستان سے اوپر گیا، یہ نیچے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک کی معیشت کو نقصان پہنچانے کیلئے کی جانے والی کوشش ناکام ہو گی۔

شیخ رشید  نے کہا کہ اس ملک کو سرحدوں سے کوئی خطرہ نہیں، اندر سے خطرہ ہے، ملک میں اندر سے انتشار پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

وزیر داخلہ نے کہ نوازشریف کو لانے کیلئے حکومت پوری کوشش کر رہی ہے، اس میں کچھ قانونی پیچیدگیاں ہیں جنہیں دور کیا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں